ایشورپا بی جے پی امیدوار کے خلاف مقابلہ کریں گے

   

بنگلورو: کرناٹک کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر اور بی جے پی کے سینئر لیڈر کے ایس ایشورپا مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے بات چیت کے باوجود شیموگا پارلیمانی حلقہ سے پارٹی امیدوار کے خلاف انتخاب لڑنے کے فیصلے پر قائم ہیں۔ ایشورپا، ان کے بیٹے کے ای کنتیش کو ہاویری سے ٹکٹ نہ ملنے سے خوش نہیں ہیں۔ بی جے پی نے اس کے بجائے سابق چیف منسٹر بسوراج بومائی کو ٹکٹ دیا ہے ۔اس سے ایشورپا خوش نہیں ہیں جس کی وجہ سے وہ پارٹی قیادت سے معاملہ اٹھانے دہلی گئے تھے ۔ ایشورپا نے میڈیا سے کہا کہ ‘ امت شاہ نے مجھے دہلی آنے کو کہا میں نے کہا کہ میں دہلی آؤں گا لیکن ان سے کہا ہے کہ وہ مجھ سے جواب نہ دینے کے لئے نہ کہیں۔ الیکشن نہ لڑنے کی درخواست کے باوجود، ایشورپا انتخاب لڑنے پر اٹل ہیں۔