واشنگٹن : امریکی کھرب پتی ایلان مسک کی دولت کل جمعہ کو بڑھ کر 300 بلین ڈالرس سے متجاوز ہوگئی ۔ یہ گذشتہ تین سال میں پہلی مرتبہ ہے جب مسک کی دولت 300 بلین ڈالرس کو پار کر گئی۔ امریکی انتخابات میں مسک نے ڈونالڈ ٹرمپ کی واضح حمایت کی تھی ۔ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کی جس کے بعد ایلان مسک کی کمپنی ٹیسلا کی قدر ( مالیت ) میں اضافہ ہوا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ٹیسلا کی مارکٹ والیو جمعہ کو بڑھ کر 1 ٹریلین ڈالرس کو بھی پار کر گئی ہے ۔ یہ گذشتہ دو سال میں پہلی بار ہوا ہے جب کمپنی کی قدر اتنی زیادہ ہوگئی ہے ۔ ٹیسلا کے شئیرس کی قیمت میں 8.2 فیصد اضافہ ہوا اور ایک شئیر 321.22 ڈالرس کا ہوگیا ہے ۔ کمپنی کے اسٹاکس میں بھی جاریہ ہفتے 29 فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ اس طرح کمپنی کی مارکٹ سرمایہ داری میں 230 ملین ڈالرس کا اضافہ ہوا ہے ۔ کمپنی کی یہ جنوری 2023 کے بعد سب سے بہترین کارکردگی ہے ۔ سمجھا جا رہا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کو ایلان مسک کی حمایت کے نتیجہ میں ان کی کمپنیوں کو خاطر خواہ فائدہ ہوگا جب ٹرمپ وائیٹ ہاوز میں امریکی صدارتی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔ مارکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکی صدارتی انتخاب سے ٹیسلا اور اس کے سی ای او ایلان مسک سب سے بڑے فاتح قرار دئے جاسکتے ہیں اور مارکٹ کو یہ امید ہے کہ ٹرمپ کی کامیابی سے ٹیسلا کی خودمختار ڈرائیونگ ٹکنالوجی کو منظوری ملنے کا عمل بھی تیز ہوسکتا ہے ۔