حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ پورا نہ کرنے والے وعدوں جیسے قرض معافی اور رعیتو بندھو کی ادائیگی میں تاخیر سے کسان مشکلات سے دوچار ہیں ، بی آر ایس قائد ٹی ہریش راؤ نے حکومت پر زور دیا کہ لینڈ ریگولرائزیشن اسکیم کو مفت روبہ عمل لایا جائے جیسا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل وعدہ کیا گیا تھا ۔ ہریش راؤ نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات سے قبل کئے گئے وعدہ کو پورا کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں وائرل بخار پھوٹ پڑنے کے باعث اس کے علاج کے اخراجات کے لیے کسانوں کے ساتھ ریاست کے عوام جدوجہد کررہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ان کی مدد کرنے کے بجائے حکومت عہدیداروں پر کلکٹرس سے پنچایت سکریٹریز تک ایل آر ایس فیس کی وصولی کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے اور یہ عہدیدار عوام کو ہراساں کررہے ہیں اور فیس ادا نہ کرنے پر لے آوٹ منسوخ کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں ۔ اس طرح 15 ہزار کروڑ روپئے وصول کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو نا مناسب ہے ۔ ہم اس کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں ۔۔