ایمن الظواہری کی ہلاکت اب بھی محض ایک امریکی دعویٰ : ذبیح اللہ مجاہد

   

اسلام آباد : افغانستان میں طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کابل میں ایمن الظواہری کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کو وہ اب بھی امریکہ کا دعویٰ سمجھتے ہیں۔وائس آف امریکہ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ اْن کی حکومت امریکہ اور عالمی برادری کو یقین دلاتی ہے کہ ہم اپنے وعدوں پر قائم ہیں۔کابل میں القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں جس کے بعد ہی کوئی حتمی بیان جاری کیا جائے گا۔اْن کا کہنا تھا کہ ابھی تک جو معلومات سامنے آئی ہیں، اس میں کوئی بھی چیز واضح نہیں ہے۔ راکٹ جہاں لگا ہے، اس نے ہدف کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔ لہذٰا اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔