ایم آئی جی قتل کیس کا معمہ حل ، قاتل گرفتار

   

بیوی کی کردار کشی پر قاتل شریف کا انتقام ، انسپکٹر چندا نگر کا بیان
حیدرآباد /22 جولائی ( سیاست نیوز ) چندا نگر پولیس نے ایم آئی جی قتل کیس کے معمہ کو حل کرلیا ہے اور قاتل کو گرفتار کرلیا ۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر چندا نگر پولیس مسٹر رویندر نے بتایا کہ 16 جولائی کی رات ایم آئی جی کالونی میں راج شیکھر ریڈی نامی شخص کا قتل کردیا گیا تھا اور پولیس نے اطلاع کے ساتھ فوری حرکت میں آتے ہوئے تحقیقات کا آغازکیا تھا ۔ پولیس کو ابتدائی تحقیقات میں اہم سراغ دستیاب ہوا اور پولیس نے پٹن چیرو کے علاقہ میں قاتل کی تلاش شروع کی تھی ۔ پولیس نے اطلاع کے بعد پٹن چیرو درگاہ سے شریف کو حراست میں لے لیا اور پوچھ تاچھ کے دوران اس نے اپنے جرم کو قبول کرلیا ۔ قاتل شریف اور مقتول شیکھر ریڈی دونوں خاص دوست تھے اور ان کے درمیان بہت اچھی دوستی تھی ۔ 16 جولائی کی رات شریف ، ریڈی شیخ رحیم اور رامجی مئے نوشی میں مصروف تھے ۔ رات دیر گئے کمرے میں صرف قاتل اور مقتول تھے جبکہ ایک سو گیا تھا اور ایک چلا گیا تھا ۔ دونوں نے رات دیر گئے تک کثرت سے شراب نوشی کی اس دوران راج شیکھر ریڈی نے شریف کی بیوی کے متعلق نازیبا الفاظ کا استعمال کیا ۔ اور اس کے کردار پر الزامات لگائے اس بات پر شریف برہم ہوگیا اور اس نے لوہے کی سلاخ سے راج شیکھر ریڈی پر حملہ کردیا اور اس کے بعد چاقو سے حملہ کیا ۔ پولیس کے مطابق گذشتہ ایک سال قبل شریف کی بیوی نے شریف کا گھر چھوڑ دیا تھا ۔ شریف کی شراب پینے کی عادت سے اس کی بیوی تنگ آچکی تھی ۔ بیوی کے کردار پر الزامات لگانے سے دلبرداشتہ شریف نے راج شیکھر ریڈی کا قتل کردیا ۔ پولیس نے قاتل کو گرفتار کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا ۔