ایم ایل سی الیکشن میں ملنا کی شکست سے دلبرداشتہ نوجوان کی خودکشی

   

نوجوانوں کیلئے جدوجہد جاری رکھنے جہد کار تین مار ملنا کا اعلان
حیدرآباد۔ ورنگل، کھمم اور نلگنڈہ گریجویٹ نشست کے انتخابات میں جہد کار تین مار ملنا کی شکست سے دلبرداشتہ ہوکر ایک نوجوان نے خودکشی کرلی۔ یہ واقعہ ضلع نلگنڈہ کے مری گوڑہ منڈل کے لنکلا پلی دیہات میں پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تین مار ملنا کی شکست سے متعلق خبروں کے عام ہوتے ہی سری سیلم نامی نوجوان نے کیڑے مار دوا پی کر خودکشی کرلی۔ اس نوجوان نے تین مار ملنا کے حق میں انتخابی مہم چلائی تھی۔ کیڑے مار دوا کے استعمال کے بعد گھر والوں نے اسے نلگنڈہ کے ہاسپٹل منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا۔ اس واقعہ پر تین مار ملنا نے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ نوجوان کی موت سے انہیں دلی صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری سیلم نے ان کے ساتھ پدیاترا میں حصہ لیا تھا اور وہ انتخابی ٹیم کا حصہ تھے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں تبدیلی لانے کا جذبہ رکھنے والے اس نوجوان کو نتیجہ سے دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکست اور جیت انتخابات میں معمول کی بات ہے اور کسی بھی حامی کو اس طرح کا انتہائی اقدام کرنے سے گریز کرنا چاہیئے۔ تین مار ملنا نے کہا کہ وہ سری سیلم کے افراد خاندان کے ساتھ رہیں گے اور تلنگانہ میں نوجوانوں اور طلباء کے مسائل کی یکسوئی کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔