حیدرآباد ۔17۔ اپریل (سیاست نیوز) سابق نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے سینئر صحافی اور فوٹو جرنلسٹ سی کیشولو کی تصاویر پر مبنی کتاب کو صحافیوں کیلئے مثالی قرار دیا اور کہا کہ تصاویر کے ذریعہ کیشولو نے خبروں کو پہنچانے کا منفرد کارنامہ انجام دیا ہے ۔ خاموش گواہی کے عنوان سے ڈاکٹر ایس سندر سائی نے تلگو میں کتاب تحریر کی جس میں ایناڈو کے ریٹائرڈ فوٹو ایڈیٹر سی کیشولو کی تصاویر اور ان کا خلاصہ پیش کیا گیا۔ ایم وینکیا نائیڈو سے ملاقات کرتے ہوئے صحافیوں کے وفد نے یہ کتاب پیش کی۔ وینکیا نائیڈو نے اپنے طویل سیاسی کیریئر میں صحافت کے ساتھ اپنے بہتر روابط کا ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے ہمیشہ مثبت خبروں کو عوام تک پہنچانے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ کتاب میں کئی سیاسی اور سماجی ایوینٹس کو تصاویر کے ذریعہ بہتر انداز میں پیش کیا گیا جس کی وینکیا نائیڈو نے ستائش کی اور کہا کہ فوٹو جرنلسٹ کے لئے یہ کتاب ایک گائیڈ ثابت ہوگی۔ اس موقع پر سینئر جرنلسٹ اے وشویشور ریڈی ، کے یسورتنم ، این سرینواس ریڈی سینئر جرنلسٹ ایناڈو اور دوسرے موجود تھے۔1/k/m/b