ایم پی کویتا کی جانب سے بودھن کے ائمہ و موذنین کو ملبوسات و رقمی تحائف

   

بودھن۔/6 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) امام و خطیب مسجد نور بودھن مولانا سید عبدالباقی قادری ثانی نظامی کے بموجب رکن پارلیمان ضلع نظام آباد کے کویتا کی جانب سے بودھن کے تقریباً تمام ائمہ و موذنین کو بطور تحفہ کپڑے اور ائمہ کیلئے نقد دس ہزار روپئے اور موذنین کو پانچ ہزار روپئے پیش کئے گئے۔ مولانا نے ائمہ و مؤذنین کو گرانقدر تحفہ و نذرانہ پیش کئے جانے پر انہوں نے ایم پی کویتا سے اظہار تشکر کیا۔

بودھن۔/6 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن منڈل کے موضع سالورہ میں گزشتہ روز ہوئے کشتیوں کے مقابلوں میں ایک 18سالہ پہلوان لڑکی مہیماں راتھوڑ نے 24 سالہ مرد پہلوان کو پچھار کر سال 2019 کا شیوراتری تمغہ و نقد انعام حاصل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق موضع سالورہ میں یہاں ہر سال مہا شیوراتری کے موقع پر روایتی کشتیوں کے مقابلے منعقد کئے جاتے ہیں۔ ان مقابلوں میں حصہ لینے پڑوسی ریاستوں مہاراشٹرا و کرناٹک کے پہلوان بھی آتے ہیں، ان کشتیوں کے مقابلوں کو دیکھنے دور دراز سے شائقین کی کثیر تعداد بھی موضع سالورہ پہنچتی ہے۔ گزشتہ روز کشتی کے مقابلوں میں ریاست مہاراشٹرا کے تعلقہ پوسٹ سے تعلق رکھنے والی پہلوان لڑکی مہیماں راتھوڑ نے بھی کشتی کے مقابلے میں نہ صرف حصہ لیا بلکہ مدمقابل مرد پہلوان کو صرف 10 منٹ میں چاروں خانے چت کردیا۔ مقابلہ جیتنے کے بعد مہیماں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ چار مرتبہ قومی سطح پر منعقدہ کشتیوں کے مقابلوں میں حصہ لے چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ، کرناٹک، گوہاٹی اور گجرات و نئی دہلی میں بھی منعقدہ کشتیوں کے مقابلوں میں حصہ لے چکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے افراد خاندان میں موجود دادا، والد اور بڑے بھائی تمام پیشہ ور پہلوان ہیں جس کی وجہ سے انہیں بھی بچپن سے پہلوانی کرنے میں دلچسپی رہی۔ مہیماں نے بتایا کہ عالمی سطح پر منعقد ہونے والے اولمپک مقابلوں میں شرکت کرنا اور وہاں سے سنہری تمغہ حاصل کرنا ان کا خواب ہے۔ وہ فی الفور انٹر میڈیٹ میں زیر تعلیم ہے۔