گوہاٹی : آسام کی ہمنتا بسوا سرما حکومت نے کل بدھ کو ایک بڑا فیصلہ لیا۔ آدھار کارڈ کو شہریوں کے قومی رجسٹر (این آر سی) سے جوڑنے کی کوشش میں، فیصلہ کیا کہ اگر درخواست دہندہ یا خاندان نے این آر سی داخل نہیں کیا تو تمام آدھار کارڈ کی درخواستوں کو مسترد کر دیا جائے گا۔چیف منسٹر ہمنتا بسوا سرما نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ فیصلہ کابینہ کی میٹنگ میں بحران زدہ بنگلہ دیش کے شہریوں کی طرف سے دراندازی کی کوشش کے پیش نظر کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو مہینوں میں آسام پولیس، تریپورہ پولیس اور بی ایس ایف نے سینکڑوں دراندازوں کو پکڑا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بنگلہ دیش سے دراندازی ہمارے لیے باعث تشویش ہے۔ ہمیں اپنے نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے اور اسی لیے ہم نے آدھار کارڈ کو سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کابینہ اجلاس کے بعد انہوں نے کہاکہ اب سے ریاستی حکومت کا جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ آدھار درخواست دہندگان کی تصدیق کیلئے نوڈل ایجنسی ہو گااور ہر ضلع میں ایک ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کمشنر متعلقہ شخص ہوں گے۔