این پی آرکا بائیکاٹ جمعیۃ علماء ہند کی اپیل

   

نئی دہلی۔ 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جمعیۃ علماء ہند (محمود مدنی گروپ) کے بیانر تلے کئی علماء نے نیشنل پاپولیشن رجسٹر (NPR) کی مذمت کرتے ہوئے عوام سے شمارکنندگان کو اپنی تفصیلات نہ دینے کی اپیل کی ہے۔ اس ضمن میں ذہن سازی کیلئے اجلاس کا اہتمام مشترکہ طور پر مولانا محمود مدنی معتمد عمومی جمعیۃ علماء اور کمال فاروقی نے کیا۔ جمعیۃ علماء (محمود مدنی گروپ) کے جاری کردہ بیان کے مطابق سیشن کے اختتام پرمتفقہ قرارداد منظور کی گئی جس نے واضح طور پر این پی آر کو ان بنیادوں پر مسترد کردیا کہ یہ دستور کے آرٹیکل 14 کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ’’این پی آر قانون شہریت 1955ء اور شہریت قاعدہ 2003ء کے مطابق این آر سی کی تیاری کیلئے ڈیٹا کلکشن کا پہلا مرحلہ ہے۔ یہ صاف طور پر متعصبانہ، انتشارپسند، اخراج کی گنجائش فراہم کرنے والا عمل ہے جس میں مذہب، طبقہ، ذات اور جنس کی اساس پر کمیونٹیز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ہم شائستگی کے ساتھ کہہ دیں کہ تعاون نہیں کریں گے۔ این پی آر کا عمل اپریل اور ستمبر کے درمیان منعقد کیا جائے گا۔