این پی اے کی بڑی دیوار منہدم، متعدد راہگیر زخمی ، علاقہ میں سنسنی

   

حیدرآباد۔/14 جولائی، ( سیاست نیوز) حسن نگر کے علاقہ میں آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب ایک بڑی دیوار اچانک منہدم ہوگئی اور راہگیر اس کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئے اور کئی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ آج شام نیشنل پولیس اکیڈیمی ( این پی اے ) کی ایک بڑی دیوار منہدم ہوگئی۔ یہ دیوار حسن نگر کے علاقہ مدینہ مسجد کی جانب تھی جو منہدم ہوگئی اور اس کی زد میں آکر کئی شہری شدید زخمی ہوگئے جنہیں خون آلود حالت میں ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ سمجھا جارہا ہے کہ دیوار بوسیدہ ہونے کے سبب گرگئی۔ دیوار اور اس سے جڑے ہوئے لوہے کی سلاخوں کی زد میں آکر کئی شہری زخمی ہوگئے۔ دیوار گرنے کے واقعہ کے ساتھ ہی حسن نگر اور آس پاس کے علاقوں میں خوف و کشیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا۔ مقامی عوام نے دیوار سے اپنی جانوں کو خوف کا اظہار کیا ہے۔ حکام کو چاہیئے کہ وہ مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کیلئے موثر اقدامات کریں۔