این ڈی اے مقننہ پارٹی کا کل اجلاس۔ نتیش کمار کو لیڈر منتخب کیا جائیگا

,

   

چیف منسٹر کی گورنر سے ملاقات۔ استعفی پیش کردیا ۔ اسمبلی تحلیل کرنے کی بھی سفارش

پٹنہ ۔ این ڈی اے مقننہ پارٹی کا ایک مشترکہ اجلاس اتوار کو یہاں منعقد ہوگا جس میں نتیش کمار کو مقننہ پارٹی کا لیڈر منتخب کرلیا جائیگا ۔ یہ فیصلہ بہار میں این ڈی اے کی چار شریک جماعتوں جے ڈی یو ‘ بی جے پی ‘ ایچ اے ایم اور وی آئی پی کے قائدین کے اجلاس میں کیا گیا جو چیف منسٹر نتیش کمار کی صدارت میں منعقد ہوا تھا ۔ نتیش کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مقننہ پارٹی کا مشترکہ اجلاس اتوار 15 نومبر کو 12.30 بجے دن منعقد ہوگا ۔ بی جے پی این ڈی اے اتحاد میں واحد بڑی جماعت کے طور پر ابھرنے کے باوجود چیف منسٹر کی حیثیت سے نتیش کمار کو ہی موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انتخابات کے دوران بھی یہ اعلان کیا گیا تھا کہ نتیش کمار ریاست میں وزارت اعلی امیدوار ہونگے ۔ اس دوران چیف منسٹر نتیش کمار نے ریاست میں نئی حکومت کی تشکیل کی راہ ہموار کرتے ہوئے آج گورنر سے پھاگو چوہان سے ملاقات کی اور ان کا اور اپنی وزارت کا استعفی پیش کرتے ہوئے اسمبلی تحلیل کرنے کی سفارش کی ۔ گورنر نے ان کا استعفی قبول کرتے ہوئے انہیں نئی حکومت کی تشکیل تک کارگذار کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کی خواہش کی ۔ نتیش کمار نے بتایا کہ موجودہ کابینہ کا ایک آحری اجلاس بھی آج منعقد ہوگا جس میں موجودہ اسمبلی کی تحلیل کی سفارش کو منظوری دی جائیگی ۔ موجودہ اسمبلی کی معیاد 29 نومبر کو ختم ہو رہی ہے ۔

نتیش کمار نے کہا کہ نئی حکومت کی تشکیل سے قبل ان امور کی انجام دہی ضروری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس کی سفارش کو گورنر کے پاس روانہ کردیا جائیگا جس کے بعد گورنر اسمبلی کی تحلیل کا اعلامیہ جاری کرینگے ۔ آج شام کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جو محض 10 منٹ کا تھا ۔ اجلاس میںنتیش کمار نے تمام کابینی رفقاء سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے ان سے تعاون کیا ۔ بی جے پی لیڈر رانا رندھیر نے یہ بات بتائی جو تحلیل شدہ کابینہ میں وزیر امداد باہمی تھے ۔ وہ مدھوبن سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ این ڈی اے کے اجلاس میں اس بات پر تبادلہ خیال ہوا کہ کس پارٹی کو نئی کابینہ میں کتنی نمائندگی دی جانی چاہئے اور اسمبلی کے اسپیکر کا کس طرح سے انتخاب عمل میں لایا جانا چاہئے ۔ یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیںکہ بی جے پی ای بی سی یا دلت کو ڈپٹی چیف منسٹر بنانے پر اصرار کریگی حالانکہ گذشتہ کابینہ میں سینئر لیڈر سشیل کمار مودی کو یہ عہدہ دیا گیا تھا ۔ ابھی یہ واضح نہیںہوسکا ہے کہ آیا بی جے پی ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے سشیل مودی کو تبدیل کرنا چاہتی ہے ۔ علاوہ ازیں پارٹی دو ڈپٹی چیف منسٹرس مقرر کرنے پر بھی غور کرسکتی ہے ۔