این ڈی اے کے ’پریوارواد‘ پر تیجسوی یادو کا حملہ

   

پٹنہ : لوک سبھا انتخابات کی مہم کے لیے وزیر اعظم مودی پورے ملک کا طوفانی دورہ کر رہے ہیں۔ اسی کے تحت وہ آج بہار کا بھی دورہ کرنے والے ہیں، لیکن ان کے دورے سے قبل آر جے ڈی کے لیڈر و ریاست کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے رنگ میں بھنگ ڈال دیا ہے۔ تجیسوی یادو نے پریوار وادر (اقربا پروری) کے حوالے سے این ڈی اے پر سخت حملہ کرتے ہوئے وزیر اعظم سے اس امید کا اظہار کردیا ہے کہ وہ اپنی تقریر میں اس بارے میں بھی اظہار خیال کریں گے۔تیجسوی یادو نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں بہار کی جن چار سیٹوں پر الیکشن ہونے والے ہیں وہاں پر این ڈی اے کے امیدوار خالصتاً پریوار وادی امیدوار ہیں۔ شوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ نے لکھا ہے کہ وزیر اعظم مودی آج بہار آئیں گے اور پہلے مرحلے کی چار سیٹوں پر انتخابی مہم چلائیں گے۔ ان چاروں سیٹوں پر 100 فیصد خالص پریوار وادی امیدوار ہیں۔ ان میں سے دو نام نہاد علاقائی پریوار وادی پارٹیوں کے نیز دو امیدوارملک کی سب سے بڑی پریوار وادی اور نسل پرست لیڈروں سے بھری پڑی بی جے پی کے ہیں۔‘‘آر جے ڈی لیڈر نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا ہے کہ ’’جموئی کے امیدوار ارون بھارتی سابق ایم ایل سی جیوتی پاسوان کے صاحبزادے، سابق مرکزی وزیر آنجہانی رام ولاس پاسوان کے داماد اور ایل جے پی (رام ولاس) کے قومی صدر کے بہنوئی ہیں۔‘‘ اسی طرح اورنگ آباد کے امیدوار سشیل کمار سنگھ سابق ایم پی رام نریش سنگھ کے بیٹے ہیں، جب کہ گیا کے امیدوار جیتن رام مانجھی بہار کے وزیر اور ایم ایل سی سنتوش سمن کے والد ہیں۔