ایکریڈیشن کارڈس کی اجرائی میں تاخیر

   

بودھن کے صحافیوں کی جوائنٹ ڈائرکٹر محکمہ اطلاعات سے نمائندگی
بودھن۔ 11 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دفتر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ ضلع نظام آباد میں مستقل طور پر ڈپٹی ڈائرکٹر نہ ہونے کی وجہ سے ضلع نظام آباد کے صحافیوں کو درپیش مسائل سے صدر تلنگانہ اردو جرنلسٹ فورم بودھن محمد خورشید حسین اختر نے ڈی ایس جگن سے ان کے دفتر واقع حیدرآباد میں ملاقات کرکے مسائل سے واقف کروایا۔ صدر فورم نے گزشتہ پندرہ سالوں سے زائد عرصہ سے برسر خدمت اردو صحافیوں کے ایکریڈیشن کارڈس کے لئے آن لائن درخواستوں کو پہلی اور دوسری کمیٹی کی میٹنگ میں وجہ بتائے بغیر مسترد کردیئے جانے پر اظہار تاسف کیا اور تیسری میٹنگ کے انعقاد میں مسلسل تاخیر کئے جانے کے اسباب دریافت کئے۔ جوائنٹ ڈائرکٹر نے بتایا کہ ایکریڈیشن کمیٹی کے چیرمین بااعتبار عہدہ ضلع کلکٹر ہوتے ہیں۔ جے ڈی نے بتایا کہ ایکریڈیشن کارڈس کی اجرائی کے لئے تاریخ طے کرنا ضلع کلکٹر کا اختیار ہے۔ صدر فورم نے کہا کہ قدیم صحافیوں کے کارڈس کی تجدید کے لئے ضلع نظام آباد ڈی ڈی آفس سے چیرمین کمیٹی کو فہرست کی فراہمی میں تاخیر کی وجہ سے سینئر صحافیوںکو کارڈس کی اجرائی میں تاخیر ہو رہی ہے۔ جے ڈی نے کہا اگر چیرمین ایکریڈیشن کمیٹی میٹنگ کی تاریخ مقرر کرتے ہیں تو محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ بلاتاخیر ڈی ڈی کوروانہ کردے گی۔