نظام آباد۔ 15 جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھارت اور برطانیہ کے درمیان نافذ ہونے والے جامع اقتصادی و تجارتی معاہدے (CETA) کے تحت برآمدی مواقع سے استفادہ کرتے ہوئے نظام آباد شہر کی گجانن رائس مل نے برطانیہ کو معیاری سونا مسوری چاول برآمد کرنے کی اجازت حاصل کر لی ہے۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے برطانیہ روانہ کی جانے والی ایکسپورٹ کوالٹی چاول کی پہلی کھیپ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس موقع پر ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی نے کہا کہ سی ای ٹی اے معاہدے کے نفاذ سے بھارتی زرعی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں نئی شناخت اور بہتر مواقع حاصل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری دھان کی پیداوار کے لیے مشہور نظام آباد ضلع سے برطانیہ کو چاول کی برآمدات کا آغاز پورے ضلع کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کردہ چاول کی برآمد سے کسانوں کو بہتر قیمت حاصل ہوگی، جبکہ نظام آباد کو عالمی سطح پر نئی پہچان ملے گی۔ کلکٹر نے متعلقہ حکام اور برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون سے کام کرتے ہوئے مستقبل میں ضلع کی دیگر زرعی مصنوعات کی برآمدات کو بھی مختلف ممالک تک وسعت دیں۔اس موقع پر ضلع زرعی عہدیدار ویراسوامی، محکمہ باغبانی کے عہدیدار سرینواس، گجانن رائس مل کے نمائندہ ہتیش اور دیگر متعلقہ عہدیداران موجود تھے۔