ایکسپو 2025 :اوساکا میں پویلین کی تیاری،سعودی عرب اولین ممالک میں شامل

   

ریاض: سعودی عرب نے جاپان میں ایکسپو 2025 اوساکا کیلئے اپنے پویلین کی تعمیر شروع کرنے والے اولین ممالک میں شامل ہونے کا جشن منایا۔یومیشیما جزیرے پر اوساکا کے نمائشی مقام ایکسپو 2025 میں اس جشن میں سعودی عرب کے وفد کی سربراہی اوساکا ایکسپو 2025 میں مملکت کے پویلین کے کمشنر جنرل عثمان المزیاد اور مملکت کے پویلین انجینئر کے تعمیراتی ٹریک کے سربراہ فراس الترکی کر رہے تھے۔سعودی پویلین جو ورثے، روایات اور اقدار کو ظاہر کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، ہزاروں سالوں پر محیط قدیم تہذیبوں کی پرورش کے لیے سعودیہ کی شناخت اور اس کی تاریخی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔ علاوہ ازیں پویلین سعودی عرب کے وژن 2030 سے منسلک جاری تبدیلی پر زور دیتا ہے جس کا مقصد مستقبل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے اقتصادی اور سماجی مقاصد کو حاصل کرنا ہے۔پویلین کی تعمیر مملکت کی ماحول سے وابستگی کی علامت ہے اور پائیدار ڈیزائن اور بہتر مستقبل کے لیے اس کے عزم پر زور دیتی ہے۔ اپنے ڈیزائن میں مملکت کا پویلین روایتی شہری اشکال سے متاثر ہوتا ہے جو سعودی عرب کی تاریخ، ثقافت اور ورثے کی نمائندگی کرتا ہے۔یہ ڈیزائن امتیازی اور پائیدار دونوں طرح کا ہے جو مشترکہ مستقبل کے لیے مملکت کے عزم کا اظہار اور پائیداری کی جدید ٹیکنالوجیز کو شامل کرتا ہے۔ ان خصوصیات میں قابلِ تجدید مواد کا استعمال اور ماحولیاتی اثرات کو کم سے کم کرنے کے لیے دوبارہ تشکیل دینے والا ڈھانچہ شامل ہے۔سعودی پویلین کو جاپان کے شہری ماحولیاتی کارکردگی کے اعلیٰ ترین معیارات پر عمل کرتے ہوئے صفر آپریشنل اخراج کو حاصل کرنے کے طریقے سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ کم کاربن مواد، توانائی بچانے والی ٹیکنالوجی، بارش کے پانی کی ری سائیکلنگ اور شمسی توانائی نے اس کامیابی کو ممکن بنایا ہے۔ مزید یہ کہ مستقبل میں ڈیزائن کو آسانی سے ختم کیا اور دوبارہ جوڑا جا سکتا ہے۔یہ بہت بڑی کامیابی تصور کیا جارہا ہے ۔
سعودی عرب اور جاپان کے سرکاری وفود کے ساتھ ساتھ ایکسپو 2025 میں شرکت کرنے والے دیگر ممالک کے حکام نے اس موقع پر منعقد ہونے والے سعودی جشن اور اس کے ثقافتی تہوار میں شرکت کی۔