نئی دہلی۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویراٹ کوہلی جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ونڈے سیریز سے باہر ہو سکتے ہیں تو دوسری جانب ونڈے کے نئے کپتان زخمی روہت شرما جنوبی افریقہ میں ٹسٹ نہیں کھیل سکیں گے، اس کے بعد ونڈے میں کوہلی ہندوستانی ٹیم کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ کوہلی پہلے ہی بی سی سی آئی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر چکے ہیں۔ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹسٹ سیریز کے بعد تین ونڈے میچ کھیلے جائیں گے۔ٹائمر آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق کوہلی ونڈے میچوں سے محروم ہونے جا رہے ہیں کیونکہ وہ اپنی بیٹی وامیکا کی پہلی سالگرہ منانے کے لیے وقت نکال رہے ہیں۔ وامیکا کی پیدائش گزشتہ سال 11 جنوری کو ہوئی تھی اور کوہلی ٹسٹ سیریز کے اختتام کے بعد اپنے خاندان کے ساتھ چھٹیاں منانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ پچھلے سال،جب وامیکا کی پیدائش ہوئی تھی، کوہلی ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا میں پہلے ٹسٹ کے بعد پیٹرنٹی رخصت پر چلے گئے تھے۔ ہندوستان کو پہلے ٹسٹ میں شکست ہوئی تھی جس کے بعد کارگزار کپتان اجنکیا رہانے کی قیادت میں ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف تاریخی سیریز جیتی تھی۔جنوبی افریقہ دورے کا آخری ٹسٹ 11 جنوری کو شروع ہوگا اور 19 سے ونڈے میچز شروع ہوں گے۔ سیریز کے لیے ونڈے اسکواڈ کا اعلان ہونا باقی ہے۔ونڈے ٹیم میں کئی ایک نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے ضمن میں سابق سلیکٹروں اور کھلاڑیوں کے بیانات سامنے آرہے ہیں۔جنوبی افریقہ کے دورہ سے قبل روہت کا ٹسٹ کھیلنے سے گریز کرنا اور کوہلی کا ونڈے کی بجائے رخصت کو ترجیح دینے کے فیصلے کے بعد اب سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغازہوگیا ہے اور کئی افراد نے تو کہہ دیا ہے کہ اس وقت ہندوستانی ٹیم گروپ بندی کے بحران سے پریشان ہے۔ہندوستانی ٹیم کے دونوں کپتانوں کو خاص فارمیٹ میں نہیں کھیلتے دیکھ کر، نیٹیزین کا خیال ہے کہ دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کی قیادت میں نہیں کھیلنا چاہتے اور ان کے درمیان ممکنہ دراڑ ہے۔سوشل میڈیا اور خاص کر ٹوئٹر پر تبصروں کا ایک سیلاب آچکا ہے جہاں تقریباً کرکٹ شائقین کوہلی اور روہت پر تنقید کررہے ہیں اور انہیں اپنے آپسی اختلافات سے زیادہ ٹیم کے مفاد میں فیصلہہ کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔اس ضمن میں اڈوی نامی صارف نے کہا کہ ڈریسنگ روم میں تو ایکتا کپورکا شو چل رہا ہے اتنا ڈرامہ۔۔۔روہت ٹسٹ نہیں کھیلنا چاہتے کوہلی ونڈے نہیں کھیلنا چاہتے۔ملک کے لیے کھیلنے سے پہلے اتنی انا رکھنے والے دونوں کو ٹیم سے نکالنا سب سے بہتر فیصلہ ہے ویسے بھی ہمارے پاس باصلاحیت کھلاڑیوں کی فراوانی ہے۔ایک اور ون فار آل نامی صارف نے کہا کہ یہ بورڈ کا فیصلہ نہیں تھا۔ کیا آپ حالات نہیں دیکھ سکتے؟ روہت نے ٹسٹ میں کوہلی کی قیادت میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا جس پرکوہلی نے ونڈے میں روہت کی قیادت میں نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ کسی بھی طرح سے ہندوستانی ٹیم کا ہی سب سے بڑا نقصان ہی ہوگا اور ٹیم میں آنے والے نوجوانوں کھلاڑیوں کے لیے ایک بری مثال ہوگی۔