ایک گھنٹے میں کووڈ کا ٹیسٹ ہوگا، قیمت 500روپئے

   

نئی دہلی۔ 4اپریل (سیاست ڈاٹ کام)کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (سی ایس آئی آر) کے سائنسدانوں نے کووڈ۔19 کے فوری طورپر ٹیسٹ کیلئے ایک نئی کٹ تیار کی ہے جو پیپر اسٹرپ پر مبنی ہے اور ایک گھنٹے کے اندر نتیجہ بتا دیتی ہے ۔ اس کی لاگت صرف 500 روپے فی ٹیسٹ سے بھی کم ہے ۔سی ایس آئی آر سے منسلک راجدھانی میں واقع انسٹی ٹیوٹ آف جینورمکس اینڈ ایبیڈیڈ بایولوجی (آئی جی آئی بی) کے سائنسدانوں کے ذریعہ تیار کردہ یہ ایک پیپر اسٹرپ پر مبنی ٹیسٹ کٹ ہے ، جس کی مدد سے کم وقت میں کووڈ۔19کے انفیکشن کا پتہ لگایا جاسکتا ہے ۔ یہ پیپر اسٹرپ پر مبنی ٹیسٹ کٹ آئی جی آئی بی کے سائنسداں ڈاکٹر سووک میتی اور ڈاکٹر دیبیہ جیوتی چکرورتی کی قیادت والی ایک ٹیم نے تیار کی ہے ۔ یہ کٹ ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں نئے کورونا وائرس (ایس اے آر ایس۔ سی او وی۔2) کے وائرل آر این اے کا پتہ لگا سکتی ہے ۔سا ئنسدانوں کا کہنا ہے کہ عام پر طورپر رائج ٹیسٹ کے طریقوں کے مقابلہ یہ ایک پیپر اسٹرپ کٹ کافی سستی ہے اور اس کے تیار ہونے کے بعد بڑے پیمانہ پر کورونا کے ٹیسٹ کے چیلنج سے نپٹنے میں مدد مل سکتی ہے ۔