حیدرآباد 22 فبروری ( سیاست نیوز ) جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ کو پولیس اسٹیشن اُپل سے مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی ۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں 14 درخواستیں تدفین کیلئے وصول ہوئیں۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر ’سیاست‘ کی ہدایت پر ان مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹلس سے حاصل کیا گیا اور نماز جنازہ مولانا سید حفیظ اشرفی امام و خطیب مسجد محمدیہ کشن باغ نے پڑھائی اور مغفرت کی دعا کی جبکہ مولانا سید معیز الدین اشرفی خطیب جامع مسجد محمدیہ نے ملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ کام برسوں سے ملت فنڈ سے جاری ہے ۔ جناب سید منیر الدین نے حدیث شریف کا حوالہ دیا کہ اگر کوئی شخص میت کیلئے کفن دیتا ہے تو اللہ پاک جنت میں اس کو ریشم کا لباس عطا کرینگے جو بڑا اعزاز ہوگا۔ سید عبدالمنان ، محمد عبدالجلیل ، سیدہ فہیم النساء، بشریٰ تبسم نے دعائے مغفرت کی ۔ محمد نصیر الدین بنڈلہ گوڑہ میزبان فنکشن پلازہ نے ورثاء کیلئے صبر کی دعاء کی اور کہا کہ اللہ تعالی جناب زاہد علی خاں کی حیات میں صحت کے ساتھ اضافہ فرمائے۔ ( آمین )