ای او ایس۔05 سیٹلائٹ کو کامیابی کیساتھ مدار میں پہنچایاگیا

,

   

سری ہری کوٹا (آندھرا پردیش)، 04 ستمبر (یو این آئی) پولر سیٹلائٹ لانچ وہیکل (پی ایس ایل وی) کی ناکامی کے بعد ایک اہم موڑ اور سات ماہ میں اپنے پہلے مشن کے تحت، ہندستان کے ہیوی لفٹ راکٹ جی ایس ایل وی-ایف 17 نے بارش کے دوران جدید ارتھ ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ (ای او ایس۔05 )کو مقررہ مدار میں کامیابی کے ساتھ قائم کر دیا۔سات ماہ کے وقفے کے بعد اسرو کو پہلے مشن میں کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ 27.5 گھنٹے کی ہموار الٹی گنتی اور شار (ایس ایچ اے آر) رینج کے ہر موسم میں کام کرنے والے دوسرے لانچ پیڈ سے صبح 02:55 بجے بالکل درست لفٹ آف کے بعد، جس نے صبح کے تاریک آسمان کو روشن کر دیا، راکٹ نے تقریباً 18-19 منٹ کی پرواز کے بعد سیٹلائٹ کو مدار میں پہنچا دیا۔اسرو نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا، ”جی ایس ایل وی-ایف 17/ای او ایس مشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا ہے ۔طلبہ اور خواتین سمیت سیکڑوں لوگوں نے بارش کی پروا کیے بغیر آدینس گیلری سے لفٹ آف کا نظارہ کیا۔

اسرو کی کامیابی پر کانگریس
کی مبارکباد
نئی دہلی، 04 ستمبر (یو این آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے سری ہری کوٹا سے جی ایس ایل وی-ایف 17 راکٹ سے ای او ایس-05 سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ اور اسے مدار میں قائم کیے جانے پر انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کو مبارکباد دی ہے ۔ انہوں نے اسے ملک کے لیے ایک اور تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ہندوستان کی اسٹریٹجک صلاحیتوں کو مزید مضبوطی ملے گی۔مسٹر رمیش نے کہا کہ 2367 کلوگرام وزنی ای او ایس-05 سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ اسرو کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اسرو کو کئی اطراف سے حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے ، ایسے میں یہ کامیابی اس کی غیر معمولی استقامت اور مشکلات سے ابھرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کو اسرو کی کامیابیوں اور اس کی صلاحیت کو سلام کرنا چاہیے نیز تنظیم کی آنے والی تمام مہمات کی کامیابی کی تمنا کرنی چاہیے ۔