حیدرآباد۔یکم؍ فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ملک بھر میں موجود اسٹارٹ اَپس کو مدعو کیا ہے تاکہ الیکٹرک موبیلٹی ( ای۔ موبیلٹی ) کے شعبہ میں فروغ کے سلسلہ میں تعاون اور حوصلہ افزائی کریں۔ ان اسٹارٹ اَپس کے ذریعہ ان کے کنکٹیڈ کارس، آٹونومس؍ آٹو میٹیڈ ڈرائیونگ اور الیکٹرک موبیلٹی کے تحت ان کے کاروبار کے طریقہ کار کو پیش کیا جائے گا جس میں کافی چیلنجس کا سامنا ہے۔ مذکورہ چیلنجس سے کامیابی حاصل کرنے والوں کو 10 لاکھ روپئے کا انعام دیا جائے گا اور ساتھ ہی اسے ٹی ھب اسٹارٹ اَپ انکیوبیشن پروگرامس میں شامل کیا جائے گا۔ رنر اَپ کو 5 لاکھ روپئے کا انعام دیا جائے گا۔ سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی جیش رنجن کے مطابق مذکورہ پروگرام کا انعقاد ای موبیلٹی ویک کے طور پر 5 تا 11 فروری منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آٹو موبائیل انڈسٹری کے آئندہ انقلاب کو نیا روپ دینے میں یہ پروگرام معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ اسٹارٹ اَپس کو ٹکنالوجی ماہرین کے تعاون سے مقابلہ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع رہے گا۔ ر
تمام اسٹارٹ اَپس حیدرآباد میں اپنی ایجادات اور پراجکٹس کی تفصیلات پیش کریں گے۔ ملک بھر کے 100 سے زائد اسٹارٹ اَپس نے اس مقابلہ میں شرکت سے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ر