ای وی ایم اور وی وی پیاٹ سے متعلق عرضی مسترد

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے ذریعہ ڈالے گئے ووٹوں کے ساتھ ووٹر ویریفی ایبل پیپر آڈٹ ٹریل(وی وی پی اے ٹی) کی پرچیوں کی گنتی (جوڑ کر دیکھنا) کو 100فیصد تک بڑھانے یا بیالٹ کے پرانے نظام کو بحال کرنے کے مطالبہ والی عرضی کوآج متفقہ طور پر مسترد کر دیا۔ای وی ایم ۔ وی وی پیاٹ معاملے میں سپریم کورٹ سے اپوزیشن کو آج بڑا دھکہ لگا ہے ۔ عدالت نے چہارشنبہ کو سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ اس معاملے میں عرضی گزاروں نے مطالبہ کیا تھا کہ ای وی ایم پر ووٹروں کا اعتماد برقرار رکھنے کیلئے ان کے ووٹ اور وی وی پیاٹ کی پرچیوں کی 100 فیصد گنتی کروائی جانی چاہئے ۔
جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس دیپانکر دتہ کی بنچ نے این جی او ‘ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز’ اور دیگر کی طرف سے دائر درخواستوں پر الگ الگ لیکن متفقہ فیصلہ سنایا۔ بنچ نے کہا کہ ای وی ایم- وی وی پیٹ نظام پر آنکھ مند کرکے اعتماد کرنے سے بے جا شبیہ پیدا ہوگا۔