ای وی ایم کا غلط استعمال روکنا سکیولر پارٹیوں کا کام

,

   

اپوزیشن کے انڈیا اتحاد پر اظہار اطمینان :مولانا سجاد نعمانی
نئی دہلی: ممتاز عالم دین مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی سے یوپی کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کر خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔ مولانا سجاد نعمانی نے کہا کہ ہندوستان صرف سیکولرازم سے جڑا رہ سکے گا، اگر یہ ٹوٹا تو ملک ٹکڑے ٹکڑے ہو جائے گا۔مولانا سجاد نعمانی میڈیکل چیک اپ کیلئے لکھنؤ آئے ہوئے ہیں۔ اس دوران اکھلیش یادو عیادت کے لئے ملاقات کرنے گئے تھے ۔ مولانا نعمانی نے اپنے بیان میں بتایا کہ یوپی کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادوجی میری خیریت دریافت کرنے آئے تھے کیونکہ لمبے عرصے سے زیرِ علاج ہوں۔ اس کے علاوہ ان سے ملک کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جو صورتحال پورے ملک کی ہے ، وہ تشویشناک ہے ، جس وجہ سے ہر محبان وطن پریشان ہے اور ای وی ایم مشینوں پر سوال اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے جنوبی ہند سے بی جے پی کا صفایا ہو چکا ہے ۔ اگر ای وی ایم مشینوں کا غلط استعمال نہ ہوتا تو کئی ریاستوں کے نتائج مختلف ہوتے ۔مولانا سجاد نعمانی نے کہا کہ ہندوستان کے اتحاد کیلئے ضروری ہے کہ سیکولر نظریہ مضبوط ہو، اگر یہ کمزور ہوا تو ملک کمزور ہوجائے گا۔ کچھ غیر ملکی قوتیں ہمارے ملک کو تباہ کرنے پر آمادہ ہیں اور چند لالچی لوگ ملک دشمن طاقتوں کے ساتھ مل کر سماج کے باہمی اتحاد کو کمزور کرکے ملک کو توڑنا چاہتے ہیں۔ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ جمہوریت کو مضبوط کرے اور ملک کو ٹوٹنے سے بچائے اور ترقی کی راہ میں اہم کردار ادا کریں۔مولانا نعمانی نے کہا کہ اکھلیش یادو جی نے انڈیا اتحاد کے اجلاس میں شرکت کی جو خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے اتحاد کو یقین دلایا کہ وہ ملک کے مفاد میں سیٹوں کی تقسیم کے بارے میں متفقہ فیصلے پر عمل درآمد کے لیے تیار ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ فی الحال ایس پی یوپی کی 65 لوک سبھا سیٹوں کیلئے پوری تیاری کر رہی ہے ۔ اکھلیش یادو جی نے کہا کہ انڈیا اتحاد جتنا مضبوط ہوگا، اتنی ہی ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ملک کے سامنے امید کی کرن روشن کی ہے ، اس ذمہ داری کو ایمانداری سے نبھائیں اور کسی بھی ہندوستانی شہری کی امیدوں کو نہ ٹوٹنے دیں۔