اے آر رحمان کی پہلی عربی فلم باب کا ساؤنڈ ٹریک جاری

   

ممبئی، 19 جون (آئی اے این ایس) آسکر ایوارڈ یافتہ معروف موسیقار اے آر رحمان نے اپنی پہلی عربی فلم باب کے اوریجنل ساؤنڈ ٹریک کی ریلیز کا اعلان کیا ہے۔ نفسیاتی اور فینٹسی تھرلر پر مبنی اس فلم کی ہدایت کاری معروف اماراتی فلم ساز نیلہ الخجہ نے کی ہے۔ یہ ساؤنڈ ٹریک اے آر رحمان کی کسی بھی عربی زبان کی فلم کے لیے پہلی موسیقی ہے، جو ان کے بین الاقوامی کیریئر میں ایک اہم سنگ میل تصور کی جا رہی ہے۔ فلم کا اوریجنل ساؤنڈ ٹریک جمعہ کے روز اے آر رحمان کے ذاتی میوزک لیبل کے ایم میوزک کے تحت دنیا بھر کے تمام بڑے میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر جاری کیا گیا، جبکہ اس کی عالمی تقسیم ڈیوو نے انجام دی ہے۔ ساؤنڈ ٹریک میں اے آر رحمان کی ترتیب دی گئی 10 منفرد اور دل کو چھو لینے والی دھنیں شامل ہیں، جو فلم کی کہانی اور جذباتی فضاکو مؤثر انداز میں پیش کرتی ہیں۔ اس موقع پر اے آر رحمان نے کہا مجھے باب کی طرف سب سے زیادہ اس کی جذباتی گہرائی اور وہ منفرد دنیا متوجہ کرگئی جو نیلہ الخجہ نے تخلیق کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا فلم کی اصل روح کو برقرار رکھنے کے لیے ہم نے ایک بالکل مختلف موسیقی کی دنیا تخلیق کی۔ یہ میرے لیے نہایت خوشگوار تخلیقی سفر ثابت ہوا اور عربی سینما میں میرا یہ پہلا قدم میرے لیے انتہائی معنی خیز ہے۔ فلم باب میں شائماء الفاضل نے مرکزی کردار واحدہ اداکیا ہے، جبکہ دیگر نمایاں فنکاروں میں ہدی الغنیم، میرا المیدفا، منصور النعمانی، صبیحہ مجگاؤںکر اور الہام المرزوقی شامل ہیں۔ فلم کی کہانی واحدہ کے گرد گھومتی ہے، جو ایک سبز دروازے کے پیچھے چھپی ہوئی کیسٹیں دریافت کرتی ہے۔ ان ریکارڈنگز کے ذریعے اس کی جڑواں بہن کی پراسرار موت سے متعلق حیران کن حقائق سامنے آتے ہیں، جس کے بعد کہانی سنسنی خیز موڑ اختیارکر لیتی ہے۔ فلم کی تکنیکی ٹیم میں معروف سنیماٹوگرافر روجیر اسٹوفرز بطور ڈائریکٹر آف فوٹوگرافی جبکہ سباسٹین فنکے بطور ایڈیٹر شامل ہیں۔ باب کا اوریجنل موشن پکچر ساؤنڈ ٹریک اس وقت دنیا بھر کے تمام بڑے میوزک اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔واضح رہے کہ تقریباً تین دہائیوں پر محیط اپنے شاندار کیریئر میں اے آر رحمان نے متعدد عالمی شہرت یافتہ فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دی ہے، جن میں آسکر ایوارڈ یافتہ سلم ڈاگ ملینیئر، 127 آورز، کپلز ریٹریٹ،واریئرز آف ہیون اینڈ ارتھ اورپیلے: برتھ آف اے لیجنڈ سمیت کئی اہم فلمیں شامل ہیں۔ ہالی ووڈ، ایشیا اور یورپ میں اپنی عالمی شناخت حاصل کرنے کے بعد، اے آر رحمان نے اب اپنی پہلی عربی زبان کی فلم باب کے ذریعے اپنے بین الاقوامی سفر میں ایک اور اہم باب کا اضافہ کر دیا ہے۔