اے رمیش ورنگل ، ٹی ونود راؤ کھمم سے بی جے پی کے امیدوار

   

بی جے پی نے 4 موجودہ اور 4 سابق ارکان پارلیمنٹ اور 5 سابق ارکان اسمبلی کو انتخابی میدان میں اتارا
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی نے ورنگل اور کھمم پارلیمانی حلقوں کے امیدواروں کا اعلان کرتے ہوئے تلنگانہ سے تمام 17 لوک سبھا حلقوں کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے ۔ حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہونے والے بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی اے رمیش کو بی جے پی نے ورنگل حلقہ لوک سبھا کا امیدوار بنایا ہے ۔ اس طرح ضلع کھمم میں بی آر ایس سے بی جے پی میں شامل ہونیو الے سابق رکن اسمبلی جلگم وینکٹ راؤ کو لمحہ آخر میں ٹکٹ سے محروم کرتے ہوئے بی جے پی کے قائد ٹی ونود راؤ کو حلقہ لوک سبھا کھمم سے امیدوار بنایا گیا ہے ۔ ٹکٹ دینے کا پیشکش کرنے پر ہی جلگم وینکٹ راؤ بی جے پی میں شامل ہوئے تھے تاہم بی جے پی کے مقامی قائدین کے اعتراض پر بی جے پی نے لمحہ آخر میں جلگم وینکٹ راؤ کے بجائے ٹی ونود راؤ کو پارٹی امیدوار بنایا ہے ۔ ٹی ونود راؤ رئیل اسٹیٹ کے تاجر ہے اور سابق وزیر ایٹالہ راجندر کے دوست ہے ۔ ایٹالہ راجندر راؤ نے بی جے پی قومی قیادت کے پاس ٹی ونود راؤ کے لیے کامیاب پیروی کی ہے ۔ بی جے پی قومی قیادت کے اس فیصلے پر جلگم وینکٹ راؤ بہت زیادہ ناراض ہوگئے ہیں ۔ بی جے پی نے ریاست کے تمام 17 حلقوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے جس میں 4 موجودہ ارکان پارلیمنٹ ہیں اور 4 سابق ارکان پارلیمنٹ ہیں اور 5 سابق ارکان اسمبلی ہیں ۔ بی آر ایس سے بی جے پی میں شامل ہونے والے 6 قائدین کو بی جے پی نے ٹکٹ دیا ہے جب کہ کانگریس سے شامل ہونے والے ایک قائد کو امیدوار بنایا گیا ہے ۔ حلقہ لوک سبھا عادل آباد کے موجودہ رکن پارلیمنٹ ایس بابو راؤ کو پارٹی نے ٹکٹ سے محروم کیا ہے جس سے وہ ناراض ہیں اس کے علاوہ مختلف لوک سبھا حلقوں میں بی جے پی کے مقامی قائدین کے بجائے دوسری جماعتوں سے بی جے پی میں شامل ہونے والے قائدین کو ٹکٹ مختص کرنے پر بے جے پی کے مقامی قائدین ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں ۔۔ 2