حیدرآباد۔ 23جون(یواین آئی) مرکز کی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج کرنے پر گرفتار نوجوانوں کو اے پی کی راجمندری جیل سے ضمانت پر رہا کردیا گیا ۔ ضمانت کی تکمیل کے بعد کل شب رہائی عمل میں آئی ۔ اگنی پتھ اسکیم کے خلاف گنٹور ضلع کے قریب 18 جون کو 30 نوجوانوں کو پولیس نے گرفتار کیاتھااور ریمانڈ کردیاگیا تھا۔ 12نوجوانوں کی گنٹور موبائل کورٹ نے ضمانت منظور کی جس کے بعد جیل سے ان کی رہائی عمل میں آئی۔ نوجوانوں نے کہا کہ تشدد سے ان کا تعلق نہیں ہے ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے گئے ۔ انہوں نے مقدمات واپس لینے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ان طلبہ کی حمایت بائیں بازو کی جماعتوں کے علاوہ دیگر سیول رائٹس تنظیم نے کی۔