عازمین حج کو ایک لاکھ روپئے کی امداد ، کونسل میں وزیر اقلیتی بہبود این محمد فاروق کا بیان
حیدرآباد ۔18 ۔نومبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے وزیر اقلیتی بہبود ایم محمد فاروق نے کہا کہ ریاست کی این ڈی اے حکومت نے ائمہ اور مؤذنین کے ماہانہ اعزازیہ کی اسکیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران این محمد فاروق نے ارکان کے استفسارات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ائمہ اور مؤذنین کے ماہانہ اعزازیہ کی اسکیم کا چندرا بابو نائیڈو حکومت نے آغاز کیا تھا ۔ وہی اسکیم گزشتہ حکومت میں جاری رہی۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے انتخابات سے قبل اعزازیہ کی رقم میں اضافہ کا وعدہ کیا ہے جس کے مطابق ائمہ کو ماہانہ 10 ہزار روپئے اور مؤذنین کو ماہانہ 5000 روپئے اعزازیہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سفر حج پر روانہ ہونے والے عازمین کے لئے حکومت کی جانب سے امداد کی اسکیم برقرار رہے گی۔ گزشتہ سفر حج میں جانے والے حجاج کرام کی زیر التواء رقم جلد جاری کی جائے گی۔ وجئے واڑہ ایرپورٹ سے حج کو روانہ ہونے والے آندھراپردیش کے عازمین کو ایک لاکھ روپئے امداد فراہم کی جائے گی۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ حکومت اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر عمل آوری میں سنجیدہ ہے۔ 1