اے پی اسمبلی اجلاس کا چہارشنبہ سے آغاز

   

۔5 فروری کو اعلیٰ الحساب بجٹ کی پیشکشی ، 8 فروری کو اختتام
امراوتی ۔ 26 ۔ جنوری : ( پی ٹی آئی ) : آندھرا پردیش مقننہ کا بجٹ سیشن 30 جنوری کو دونوں ایوانوں سے گورنر ای ایس ایل نرسمہن کے مشترکہ خطاب سے شرع ہوگا ۔ اس ریاست میں چونکہ مئی میں اسمبلی انتخابات منعقد شدنی ہیں ۔ چنانچہ مالی سال 2019-20 کے لیے حکومت صرف اعلیٰ الحساب بجٹ ہی پیش کریں گی ۔ اسمبلی اجلاس 31 جنوری کو اپنے ایک رکن کیدری سراون کمار کو خراج عقیدت ادا کرنے کے بعد ملتوی کردیا جائے گا ۔ جنہیں ( سراون کمار کو ) کو ماؤنوازوں نے ستمبر میں گولی مار کر ہلاک کردیا تھا ۔ یکم فروری سے ایوان کو تین دن کی تعطیلات رہیں گی ۔ اسپیکر کوڈیلاسیوا پرساد راؤ نے کہا کہ گورنر کے خطبہ پر 4 فروری کو تحریک تشکر پیش کی جائے گی ۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر اسپیکر نے اسمبلی کے احاطہ میں قومی پرچم لہرانے کے بعد اخباری نمائندوں سے کہا کہ بجٹ پر 6 فروری سے عام مباحث کا آغاز ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بشمول چند بلس بعض سرکاری اقدامات پر ایوان میں بحث کی جائے گی اور 8 فروری کو یہ اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیا جائے گا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ جون 2014 میں تشکیل شدہ اسمبلی کی پانچ سالہ میعاد کی تکمیل سے قبل یہ اس کا آخری سیشن ہوگا ۔۔