اے پی کی 4 و تلنگانہ کی 2 راجیہ سبھا نشستوں کے انتخابات کا شیڈول جاری

   

کیپٹن لکشمی کانت راؤ اور ڈی سرینواس کی میعاد ختم ، اے پی سے وجئے سائی ریڈی ، ٹی جی وینکٹیش اور سوجنا چودھری کی سبکدوشی
حیدرآباد۔12۔ مئی (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے ملک کی 15 ریاستوں کی 57 راجیہ سبھا نشستوں کے انتخابات کیلئے شیڈول جاری کیا ہے۔ آندھراپردیش کی 4 اور تلنگانہ کی 2 نشستیں ان میں شامل ہیں۔ 24 مئی کو الیکشن کمیشن 57 نشستوں پر انتخابات کیلئے اعلامیہ جاری کرے گا ۔ شیڈول کے مطابق 31 مئی تک پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جائیں گے جبکہ یکم جون کو جانچ ہو گی ۔ 3 جون تک پرچہ جات نامزدگی واپس لئے جاسکتے ہیں۔ رائے دہی 10 جون کو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک رہے گی اور رائے دہی کے فوری بعد ووٹوں کی گنتی کے ذریعہ نتیجہ کا اعلان کردیا جائیگا۔ 57 راجیہ سبھا نشستوں میں آندھراپردیش کی 4 اور تلنگانہ کی 2 نشستیں شامل ہیں۔ آندھراپردیش کے 4 راجیہ سبھا ارکان کی میعاد ختم ہورہی ہے جن میں وجئے سائی ریڈی ، سریش پربھو ، ٹی جی وینکٹیش اور سوجنا چودھری شامل ہیں جبکہ تلنگانہ میں کیپٹن لکشمی کانت راؤ اور ڈی سرینواس کی میعاد ختم ہوگی۔ مرکزی وزراء نرملا سیتا رمن ، پیوش گوئل اور مختار عباس نقوی کے علاوہ کانگریس کے سینئر قائدین پی چدمبرم ، کپل سبل ، جئے رام رمیش اور امبیکا سونی کی میعاد بھی ختم ہورہی ہے۔ تلنگانہ کے دونوں ارکان کی میعاد جون میں ختم ہوگی اور ان میں سے ڈی سرینواس گزشتہ ایک عرصہ سے ٹی آر ایس کی سرگرمیوں سے خود کو دور کرچکے ہیں۔ اگرچہ انہوں نے ناراض سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیا تاہم اس بات کا قوی امکان ہے کہ میعاد کی تکمیل کے بعد وہ گھر واپسی یعنی اپنی قدیم پارٹی کانگریس میں شمولیت اختیارکریں گے ۔ وہ اس سلسلہ میں صدر کانگریس سونیا گاندھی سے پہلے ہی ملاقات کرچکے ہیں۔ پارٹی سرگرمیوں سے دوری کے باوجود ٹی آر ایس نے ڈی سرینواس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ ڈی سرینواس کے فرزند ڈی اروند نظام آباد لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیں۔ اسی دوران راجیہ سبھا کی دو نشستوں کے انتخابات کے شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی برسر اقتدار پارٹی نے راجیہ سبھا نشست کے دعویداروں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے تلنگانہ کی راجیہ سبھا کی ایک نشست کے ضمنی چناؤ کیلئے آج اعلامیہ جاری کیا۔ر