حیدرآباد8 جنوری (یو این آئی) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سردی کی لہر میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے۔ اے پی کے الوری سیتاراماراجو ضلع کے ایجنسی علاقے شدید متاثر رہے ہیں جو کشمیرکی طرح صورتحال پیش کررہے ہیں۔ضلع کے لمباسنگی میں اقل ترین درجہ حرارت منفی ایک ڈگری درجہ حرارت درج کیاگیا۔ چنتاپلی میں اقل ترین درجہ حرارت1.5ڈگری سلسیس، اراکو وادی میں اقل ترین درجہ حرارت تین ڈگری سلسیس، پاڈیرو میں اقل ترین درجہ حرارت 8 ڈگری سلسیس،منیمالور میں اقل ترین درجہ حرارت8ڈگری سلسیس درجہ حرارت درج کیاگیا۔لمباسنگی میں کشمیر کی طرح موسم ہونے کے سبب سیاح بڑی تعداد میں یہاں پہنچ رہے ہیں۔دوسری طرف تلنگانہ کے متحدہ اضلاع عادل آباد اور میدک میں کئی مقامات پر درجہ حرارت میں گراوٹ ہوگئی ہے ۔ سنگاریڈی ضلع کے کوہیر میں اقل ترین درجہ حرارت 7.8 ڈگری، نلہ ولی علاقہ میں اقل ترین درجہ حرارت 8.2ڈگری،نیالکل میں اقل ترین درجہ حرارت 8.9ڈگری سلسیس درج کیا گیا۔ سدی پیٹ ضلع کے ننگانور علاقہ میں اقل ترین درجہ حرارت9.1ڈگری سلسیس، انگڑی کشٹاپور میں اقل ترین درجہ حرارت 9.5 ڈگری سلسیس،میدک ضلع کے سیوم پیٹ میں اقل ترین درجہ حرارت 9.8ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔کومرم بھیم آصف آباد ضلع میں کئی مقامات پر اقل ترین درجہ حرارت4.7ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ کے نتیجہ میں صبح 11بجے تک کہر سڑکوں پر دیکھی جارہی ہے۔ موسم میں اچانک تبدیلی سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ ایک ہفتہ تک سردی کی شدت کے برقراری کاامکان ہے ۔