بائیڈن شاہ سلمان کیساتھ بات چیت کے منتظر:وائٹ ہاؤس

,

   

واشنگٹن / ریاض : سعودی عرب کی طرف سے امریکی صدر کو دورہ ریاض کی دعوت اور اس دورے کی تاریخ کے اعلان کے بعد وائٹ ہاؤس نے اس غیرمعمولی دورے کی اہمیت پر’العربیہ اور الحدث‘ چینلوں سے بات کی ہے۔وائٹ ہاؤس میں نیشنل سیکیورٹی کونسل برائے اسٹریٹجک کمیونیکیشن کے کوآرڈینیٹر جان کربی نے کہا کہ صدر جو بائیڈن شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ بات چیت کے منتظر ہیں۔ ان کی ٹیم نے دوطرفہ تعلقات کے فریم ورک میں اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب ہمارا 80 سال سے زیادہ کا سٹریٹجک پارٹنر ہے۔اْنہوں نے منگل کو مزید کہا کہ سعودی عرب یمن کو مستحکم کرنے میں ایک اہم اسٹریٹجک کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سربراہ اجلاس میں دہشت گردی سے نمٹنے اورایران کے عدم استحکام کے رویے کے ساتھ ساتھ توانائی اور عالمی معیشت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔وائٹ ہاؤس کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ سعودی عرب حوثیوں کے سینکڑوں ڈرون حملوں کا نشانہ بنا، یہی وجہ ہے کہ ہم سعودی عرب کی دفاعی ضروریات پر مسلسل کام کرتے رہیں گے۔منگل کو سعودی شاہی دربار نے اعلان کیا کہ امریکی صدر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر 15 اور 16 جولائی کو مملکت کا دورہ کریں گے۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق جوبائیڈن شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔