بائیڈن نے امریکہ اور پولینڈ کے تعلقات کو سراہا

   

وارسا: امریکی صدر جو بائیڈن نے منگل کو پولینڈ کے ساتھ تعلقات کو اہم قرار دیا اور یوکرین کے باشندوں کو اپنے ملک میں خوش آمدید کرنے کے لئے پولینڈ کے عوام کی تعریف کی۔وائٹ ہاؤس کے ایک بیان کے مطابق بائیڈن نے پولینڈ کے صدر آندریج ڈوڈا کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کے دوران کہا کہ امریکہ کو پولینڈ کی ضرورت ہے ، جس طرح پولینڈ کو امریکہ کی ضرورت ہے ۔پولینڈ پریس ایجنسی کے مطابق ڈوڈا نے کہا کہ بائیڈن کا دورہ ایک اہم سیکورٹی کا اشارہ ہے ۔ بائیڈن نے عہد کیا کہ ان کا ملک اور اس کے اتحادی یوکرین کی حمایت کرتے نہیں تھکیں گے ۔اور نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (ناٹو) کی اجتماعی سلامتی کیلئے امریکہ کے عزم پر زور دیا، جبکہ ڈوڈا نے یورپی ممالک اور ناٹو پر یوکرین کے ساتھ اظہار یکجہتی پر زوردیا۔ بائیڈن کیف کے اچانک دورے کے بعد پیر کو پولینڈ پہنچے ۔ ایک سال سے بھی کم عرصے میں یہ ان کا دوسرا دورہ تھا۔ وہ چہارشنبہ کو یہاں منعقد ہونے والی بخارسٹ نائن چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔