بائیڈن کی اسرائیل کو حمایت ، ٹرمپ کی جیت کے امکانات میں اضافہ

,

   

واشنگٹن : اسرائیل کی غیر مشروط حمایت پر امریکی صدر جو بائیڈن کی صدارتی انتخابات میں جیت خطرے میں پڑ گئی۔100 سے زائد ڈیموکریٹک عطیہ دہندگان و کارکنوں نے امریکی صدر جوبائیڈن کی انتخابی مہم کی انتظامیہ کو خط لکھ دیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق 100 سے زائد ڈیموکریٹک عطیہ دہندگان اور کارکنوں نے جوبائیڈن کی انتخابی مہم کی انتظامیہ کو خط لکھ کر اسرائیلی آپریشن کی غیر مشروط حمایت پر صدر بائیڈن پر تنقید کی ہے۔انہوں نے انتباہ کیا ہے کہ بائیڈن کی اسرائیل کی حمایت پر بڑھتا عوامی غصہ ٹرمپ کی جیت کے امکانات کو بڑھا رہا ہے۔ادھر غزہ پٹی کے نصائرات پناہ گزیں کیمپ پر اسرائیلی بم باری میں 27 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ادھر مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں کی غیر قانونی تعمیرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں نے درجنوں غیر قانونی سڑکیں اور چوکیاں تعمیر کر دیں، جن کے باعث فلسطینیوں کی نقل و حرکت محدود ہو گئی۔اکتوبر 2023ء سے جنوری 2024ء کے درمیان آبادکاروں نے 15 چوکیاں اور 18 سڑکیں تعمیر کی ہیں۔غزہ میں خوراک کی قلت کا بحران شدت اختیار کر گیا۔عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ موت کے دہانے پر پہنچے فلسطینی بچوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، کم وزن کے باعث نومولودوں کی اموات ہو رہی ہیں۔ترجمان عالمی ادارہ صحت کے مطابق غزہ میں کم وزن حاملہ خواتین کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔برطانوی وزیرِ خارجہ ڈیوڈ کیمرون کا کہنا ہے کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے ’بہت ساری شرائط‘ پوری کرنی ہیں۔