بائیڈن کی حلف برداری تقریب سے قبل مظاہرے

,

   


واشنگٹن: امریکی صدر ٹرمپ کے حامیوں نے ملکی سطح پر اپنی ریلیوں کا آغاز کر دیا ہے تاہم ابھی تک کسی پرتشدد واقعہ کی خبر نہیں ہے۔ اس دوران بائیڈن کی حلف برداری تقریب سے قبل کیپٹل ہل کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔امریکہ میں حکام نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حامیوں کی حانب سے ممکنہ پرتشدد مظاہروں کے خطرات کے پیش نظر ملک بھر میں حکومتی اداروں کی عمارتوں کے تحفظ کے لیے اتوار 17 جنوری سے ہی پولیس اور نیشنل گارڈز کے دستوں کو تعینات کر دیا ہے۔ اس دوران ملک کی مختلف ریاستوں میں ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے ریلیوں کی اطلاعات ہیں۔قانون نافذ کر نے والے وفاقی اور ریاستی اداروں نے متنبہ کیا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے ریاستی اسمبلیوں کے آس پاس ممکنہ پرتشدد کارروائیوں کا خدشہ ہے۔ 6 جنوری کو ٹرمپ کے حامیوں نے واشنگٹن ڈی سی میں کیپٹل ہل پر دھاوا بول دیا تھا اور اسی تناظر میں حکام نے اس طرح کے خطرات کے لیے آگاہ کیا ہے۔ کیپٹل ہل پر ہونے والے پرتشدد واقعات اور پھر صدر کے مواخذے کے تناظر میں متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔ صدر ٹرمپ کے حامیوں کا خیال ہے کہ انہوں نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تاہم انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی ہے۔