بابری مسجد کو شہید کرواتے ہوئے پی وی نرسمہا راؤ نے بڑی غلطی کی تھی جس کی وجہ سے مسلمان کانگریس سے دور ہوگئے ہیں۔ جی چناریڈی

,

   

حیدرآباد: کل ہند کانگریس کے سکریٹری وسابق ریاستی وزیر جی چنا ریڈی نے بابری مسجد کی شہادت کیلئے سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ نرسمہا راؤ کی اس حرکت سے ملک میں مسلمان کانگریس سے دور ہوگئے۔ گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جی چنا ریڈی نے نرسمہاراؤ کے ساتھ سابق صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کوبھی تنقید کا نشانہ بنایا او رکہا کہ ان دونوں قائدین کو کانگریس نے اعلی عہدوں پر پہنچایا تھا لیکن ان دونو ں نے کانگریس کے سینئر قائدین بالخصوص نہرو خاندان کو سیاسی طور پر آگے بڑھنے نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ پی وی نرسمہا راؤ سیاست سے بیزار ہوکر حیدرآباد میں قیام پذیر ہوگئے تھے اس وقت کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے نرسمہا راؤ کو وزیر اعظم جیسے اعلیٰ عہدہ پر فائز کیا لیکن بدلہ میں پی وی نرسمہا راؤ نے کانگریس کے کئی سینئرقائدین کو آگے بڑھنے نہیں دیا۔ چنا ریڈی نے کہا کہ بابری مسجد کو شہید کرواتے ہوئے پی وی نرسمہا راؤ نے بڑی غلطی کی تھی جس کی وجہ سے مسلمان کانگریس سے دور ہوگئے ہیں۔ پی وی نرسمہا راؤ کی اس حرکت سے گاندھی خاندان نے انہیں پارٹی سے دور کردیا۔ چنا ریڈی نے کہا کہ نرسمہا راؤ گاندھی خاندان کو سیاسی طور پر کچلنے کی بھی کوشش کی تاکہ مستقبل میں کانگریس میں ان کا کوئی متبادل نہ رہ سکے۔ انہوں نے کہاکہ بابری مسجد کو شہید کروانے پر ہی بی جے پی قائدین نرسمہا راؤ کی ہر وقت تعریف کرتے رہتے ہیں۔ اسی طرح سابق صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے ناگپور میں آر ایس ایس کے صدر دفتر میں ایک منعقدہ تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کافی تعریفیں حاصل کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس کی وجہ سے ہی پرنب مکرجی کو یہ عہدہ ملا تھا۔ لیکن انہوں نے کانگریس کو آگے بڑھانے میں کوئی کوشش نہیں کی صرف بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کیلئے کام کرتے رہے۔چنا ریڈی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے بی جے پی کو کوئی فائدہ نہیں ہوا اس لئے بی جے پی کے قائدین منموہن سنگھ کی کبھی تعریف نہیں کئے کیونکہ وہ نہرو خاندان کے وفادار سپاہی ہیں۔