بارٹی اور نڈال کوارٹر فائنل میں داخل

   


ملبورن : سیزن کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن میں عالمی نمبر ایک اور مقامی کھلاڑی ایش بارٹی نے متواتر تیسرے سال کوارٹر فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ہے جیسا کہ انھوں نے امریکی کھلاڑی شیلبی راجیس کو 6-3، 6-4 سے شکست دی۔ بارٹی جنھیں گزشتہ سال سیمی فائنل میں چمپئن سوفیا کینن کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی جس کے بعد کورونا بحران کے اُس سال اُنھوں نے دوسرا کوئی ایونٹ نہیں کھیلا تھا۔ بارٹی کو دوسرے سیٹ کے آٹھویں گیم میں سیٹ پوائنٹ دستیاب ہوئے تھے لیکن متواتر 4 غلطیوں کی وجہ سے راجرس نے اِس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرویس بریک کی لیکن بارٹی نے دوسری مرتبہ دوبارہ کوئی غلطی نہیں کی اور 1948 ء کے بعد آسٹریلین اوپن کا خطاب حاصل کرنے والی پہلی کھلاڑی کی امیدوں کو برقرار رکھا ہے کیوں کہ 1948 ء میں آخری مرتبہ آسٹریلیائی کھلاڑی نے خطاب حاصل کیا تھا۔ بارٹی نے یہ مقابلہ 6-3 ، 6-4 سے اپنے نام کیا۔ کوارٹر فائنل میں اِن کا مقابلہ عالمی درجہ بندی میں 25 مقام کی کھلاڑی کرولینا موچووا سے ہوگا جنھوں نے اٹھارویں درجہ کی کھلاڑی الیس مارٹنس کو بھی 7-6(5) ، 7-5 سے شکست دی ہے۔ مرد زمرے کے مقابلے میں ریکارڈ 21 ویں گرانڈ سلام کا تعاقب کررہے سابق عالمی نمبر ایک رافل نڈال نے فیگنونی کو راست سیٹوں میں 6-3 ، 6-4 ، 6-2 سے شکست دی۔ نڈال 43 ویں گرانڈ سلام کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی ہے اور وہ 2009 ء کے بعد یہاں پہلے خطاب کے تعاقب میں ہیں اور وہ تاحال ایک بھی سیٹ نہیں گنوایا ہے۔