بالاکوٹ کارروائی کے بعد کانگریس میں غم کا ماحول تھا : امیت شاہ

,

   

ہم پاکستا ن کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے ۔ بی جے پی صدر امیت شاہ کا ناگپور میں خطاب
ناگپور۔ 9 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی صدر امیت شاہ نے آج کہا کہ کانگریس پارٹی کو بالا کوٹ دہشت گرد کیمپ پر فضائی حملوں کے بعد سے غم نے گھیر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب سارا ملک ان حملوں پر خوشیاں منا رہا تھا اس وقت پاکستان میں اور راہول گاندھی کی زیر قیادت کانگریس پارٹی میں غم کی لہر دوڑ گئی تھی ۔ یہاں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ مودی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی یہی ہے کہ اس نے ملک کو محفوظ بنادیا ہے جبکہ یو پی اے کے دور اقتدار میں صورتحال ایسی ہرگز نہیں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے کے دور حکومت میں دہشت گرد حملوں کا کوئی جواب نہیں دیا جاتا تھا ۔ پلواما حملے کے بعد سارے ملک میں برہمی اور غصہ کی لہر تھی ۔ تاہم موجودہ حکومت کسی خاموش وزیر اعظم کی حکومت نہیں ہے ۔ پلواما حملے کے 13 ویں دن انڈین ائر فورس نے پاکستان کے دور اندر تک جا کر دہشت گرد کیمپوں کو تباہ کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب ان حملوں پر سارا ملک خوشیاں منارہا تھا اس وقت صرف پاکستان اور راہول گاندھی کی قیادت والی کانگریس میں افسردگی اور غم کا ماحول تھا ۔ جب ہمارے 40 جوان شہید ہوگئے تو کیا ہمیں پلواما حملوں کے ذمہ داروں پر بم نہیں برسانے چاہئے تھے ؟ ۔ کانگریس صدر پر شدید تنقدے کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ راہول گاندھی دہشت گردوں کے ساتھ اظہار محبت کرسکتے ہیں لیکن ہم ’’ اینٹ کا جواب پتھر سے دینگے ‘‘ ۔ امیت شاہ نے کانگریس پر ملک میں ہندو دہشت گردی اور زعفرانی دہشت گردی کے نعرے دیتے ہوئے ہندووں کو بدنام کرنے کا بھی الزام عائد کیا ۔ امیت شاہ مرکزی وزیر و بی جے پی لیڈر نتن گڈکری کے ساتھ انتخابی مہم میں حصہ لے رہے تھے ۔ ناگپور حلقے میں نتن گڈکری کو کانگریس کے نانا پٹولے کے خلاف مقابلہ درپیش ہے ۔ ناگپور میں 11 اپریل کو پہلے مرحلے میں رائے دہی ہونے والی ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو گڈکری کے خلاف کوئی امیدوار ہی نہیں ملا تھا اس لئے اس نے باہر سے امیدوار کو یہاں منتقل کیا ہے ۔ پٹولے نے بی جے پی ٹکٹ پر بھنڈارا ۔ گونڈیا حلقہ سے 2014 میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن وہ بی جے پی سے 2017 میں مستعفی ہوگئے اور بعد میں کانگریس میں شامل ہوگئے تھے ۔ پٹولے پہلے کانگریس کے رکن اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔