بالوں کی نشونماکیلئے چند آسان اور گھریلو طریقے

   

حیدرآباد ۔ ماہرین کی جانب سے بالوں کی نشونما بڑھانے، صحت مند بنانے اور گرنے سے بچانے کے لیے چند بیجوں کا استعمال تجویزکیا جاتا ہے۔طبی ماہرین کے مطابق مہنگے کنڈیشنرز، ٹریٹمنٹس کے باوجود بھی اگر بالوں کی نشونما بہتر نہیں ہو رہی تو یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ بالوں کو غذائیت کی ضرورت ہے، ماہرین کے بموجب کہا ہے کہ بالوں پر لگائے جانے والے ماسک اور ٹریٹمنٹس صرف 10 سے 15 فیصد مفید ثابت ہوتے ہیں جبکہ بالوں کی صحت بہتر بنانے کے لیے بالوں کے لیے مطلوب غذا کا استعمال ناگزیر ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ بالوں کی صحت میں بیج اہم ترین کردار ادا کرتے ہیں، بیجوں کا استعمال بالوں کو ناصرف نرم و ملائم بلکہ صحت مند اور مضبوط بھی بناتا ہے۔ بالوں کو لمبا، چمکدار اور خوبصورت بنانے کے لیے درج ذیل بیجوں کا استعمال حیران کْن طور پر مفید ثابت ہو سکتا ہے۔
تل کے بیج: تل کے بیج میں ٹروسائن پایا جاتا ہے جو کہ جسم میں موجودکیمیکل سیروٹونائن کو بڑھاتا ہے۔ یہ سیروٹونائن انسان کا مزاج اچھا کرنے کا ذمہ دار ہوتا ہے اور تل کا روزانہ استعمال کرنے سیتناؤ کی کیفیت کو کم کیا جاسکتا ہے۔
سورج مْکھی کے بیج : وٹامن ای سے بھر پور سورج مکھی کے بیج بالوں کو بڑھنے میں مدد کے ساتھ ساتھ تیزی سے لمبا بھی کرتے ہیں، وٹامن ای سے خون کی روانی تیز ہوتی ہے جس سے روکھے بے جان بالوں میں جان آجاتی ہے ، بہتر نتائج کے لیے روزانہ اپنی غذا میں سورج مکھی کے بیج یا تیل کا استعمال کریں۔
لوبیا: لوبیا میں منرلزکی بڑی مقدار پائی جاتی ہے جس کے نتیجے میں بالوں کو لمبا ہونے کے لیے مکمل غذائیت حاصل ہوتی ہے، بال بڑھنے کی رفتار میں بھی تیزی آتی ہے، اس میں قدرتی چکنائی پائی جاتی ہے جس سے روکھے بالوں کو نشونما کے لیے مدد ملتی ہے، اس میں موجود آئرن، بائیو ٹن، زنک پائے جانے کے باعث بالوں کی جڑوں کو مضبوطی ملتی ہے جس سے بال جھڑنے کے عمل میں کمی ہوتی ہے، اس کے استعمال سے نا صرف بال لمبے ہوتے ہیں بلکہ گھنے مضبوط بھی ہوتے ہیں۔
کلونجی کے بیج : کلونجی کے بیجوں کا استعمال بالوں کے کئی مسائل کو بائے بائے کہہ سکتا ہے۔ جرنل آف ٹراپیکل میڈیسن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق کلونجی کے بیج آپ کے بالوں کے فولیکلز کی پرورش کرتے ہیں، بالوں کی بہتر نشوونما میں مدد کرتے ہیں اور بالوں کے گرنے میں کمی لاتے ہیں۔ کلونجی میں اینٹی فنگل اور اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کی بدولت بال جراثیم سے بھی پاک رہتے ہیں، کلونجی کا استعمال بالوں کی جڑوں کو انفیکشن سے بھی بچاتا ہے۔
میتھی کے بیج: میتھی کے بیج بالوں کے گرنے کو کم کرنے اور بالوں کی نشوونما کو فروغ دیتے ہیں، بالوں کو صحت مند اور مضبوط بنانے کے لیے میتھی دانے کا استعمال بے حد مفید ثابت ہوتا ہے میتھی کے بیج بالوں کی نشوونما سمیت اِنہیں خشکی سے بھی دور رکھتے ہیں۔ میتھی دانے میں پروٹین، نیاسین، امینو ایسڈ اور پوٹاشیم پایا جاتا ہے جو بالوں کی نشونما میں مدد کرتے ہیں، میتھی دانے کو کچا یا بھگوکر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
کدو کے بیج: کدو کے بیج زنک، سیلینیم، کاپر، وٹامن اے، بی اور سی سے بھرپور ہوتے ہیں جو بالوں پتلے بالوں کو مضبوط اور گھنا بناتے ہیں، اِن میں چمک پیدا کرتے ہیں، کدو کے بیجوں کا استعمال روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 30 گرام تک کیا جا سکتا ہے۔