باپ کا حادثہ بیٹی کیلئے مشن بن گیا، بی ٹیک کی طالبہ نے بائیک سواروں کیلئے بنایا ایر بیاگ

   

انوکھی ایجاد پر مرکزی حکومت کی مہر، سری چندنا کے پراجکٹ کے لیے 12 لاکھ کی گرانٹ
حیدرآباد ۔23۔ اپریل (سیاست نیوز) ایک طالبہ کی محنت ، جذبہ اور سوچ نے یہ ثابت کردیا کہ تعلیم صرف ڈگری حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ معاشرہ میں مثبت تبدیلی لانے کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے ۔ کریم نگر کی بیٹی سری چندنا نے ایک ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس نے ملک بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی ہے۔ کہتے ہیں ضرورت ایجاد کی ماں ہے لیکن سری چندنا کے لئے یہ ضرورت نہیں بلکہ ایک دردناک تجربہ محرک بنا۔ بی ٹیک سی ای سی کی طالبہ سری چندنا نے اپنے والد رویندر راؤ جو پیشہ کے اعتبار سے ڈرائیور ہے، ایک سڑک حادثہ کا شکار ہوگئے۔ اس واقعہ نے انہیں گہرائی سے متاثر کیا۔ اس حادثہ کے بعد سری چندنا نے سوچا کہ اگر کاروں میں ایر بیاگس جان بچاسکتے ہیں تو ٹو وہیلر گاڑیوں پر سوار ہونے والوں کیلئے ایسی حفاظت کیوں نہیں ؟ اس سوچ نے انہیں ایک منفرد ایجاد کی طرف راغب کیا۔ سری چندنا نے صرف سوچنے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ اپنے پروفیسرس کی مدد سے بائیک ایر بیاگ کا ایک پروٹو ٹائپ (ماڈل) تیار کیا۔ سری چندنا کی اس انقلابی ایجاد کو قومی سطح پر بھی سراہا گیا۔ وزارت (MSME) کی جانب سے منعقدہ ایک مقابلہ میں ان کے پراجکٹ کو قومی سطح پر منتخب کیا گیا۔ حکومت نے اس اختراع کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں 12 لاکھ روپئے کا گرانٹ منظور کیا تاکہ اس ماڈل کو مزید بہتر بناکر ایک مکمل پروڈکٹ میں تبدیل کیا جاسکے۔ سری چندنا کی یہ کہانی نوجوانوں کے لئے مضبوط پیغام رکھتی ہے۔ مسائل میں ہار مان لینے کے بجائے اس کا حل تلاش کیا جائے۔ صرف شکایت کرنے کے بجائے اپنے علم سائنس اور انجنیئرنگ کو استعمال کرتے ہوئے مسائل کا حل نکالیں۔ اگر آپ کے پاس اچھا آئیڈیا ہو تو اساتذہ اور ماہرین سے رہنمائی لینے میں ہچکچاہٹ نہ کریں۔ ایک ڈرائیور کی بیٹی نے یہ ثابت کردیا کہ وسائل کی کمی کامیابی میں رکاوٹ نہیں بنتی۔ اگر نیت اور محنت مضبوط ہوتو حقیقی جذبہ وہی ہے جو انسانوں کی زندگی کو محفوظ اور بہتر بنائیں۔ سری چندنا نے اپنی اس کوشش سے یہ ثابت کردیا کہ ایک طالب علم کی چھوٹی سی کوشش لاکھوں لوگوں کیلئے زندگی بچانے کا سبب بن سکتی ہے۔ اگر آپ کے پاس بھی کوئی آئیڈیا ہے تو اسے حقیقت میں بدلنے کی کوشش کریں کیونکہ آپ کا ایک قدم بڑا انقلاب لاسکتا ہے۔2/k