باپ کے ہاتھوں کمسن بچہ فروخت ماں کی پولیس میں شکایت

   

حیدرآباد۔ راجندر نگر کے علاقہ میں چند روپیوں کی خاطر باپ نے بچہ کو فروخت کردیا۔ ایم ایم پہاڑی علاقہ میں یہ دلسوز واقعہ پیش آیا۔ دو ماہ کے بچہ کی ماں شاہین بیگم نے پولیس میں شکایت کردی۔ تاخیر سے منظر عام پر آئے اس واقعہ سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ شاہین بیگم کا شوہر سید حیدر علی جو پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے اس نے مشتبہ طور پر اپنے دو ماہ کے بچہ کو فروخت کردیا۔ 15 اپریل کی شام شاہین بیگم نماز کی ادائیگی میں مصروف تھی اس دوران حیدر بچہ کو مکان سے باہر لے گیا اور چند گھنٹے بعد واپس پہنچا۔ شاہین نے جب بچہ کے تعلق سے شوہر سے پوچھا تو اس نے بیوی کو بتایا کہ اس نے بچہ کو فروخت کردیا ہے۔ بیوی کی چیخ و پکار آہ و بکا کے بعد حیدر نے اسے دلاسہ دیا اور بچہ کو واپس لانے کا وعدہ کرکے گھر سے چلا گیا۔ تاہم شوہر کے واپس نہ آنے سے پریشان شاہین بیگم نے پولیس میں شکایت کردی۔ راجندر نگر پولیس نے اس سلسلہ میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ تاہم پولیس اس معاملہ میں کچھ بھی کہنے سے گریز کررہی ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔