باکسنگ چمپئن نکہت زرین کو 5 لاکھ روپئے چیک کی حوالگی

   

کانگریس کی جانب سے تہنیتی تقریب، گروپ I آفیسر کے عہدہ پر تقرر کامطالبہ

حیدرآباد۔/8 جنوری، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام باکسنگ چمپین نکہت زرین کو تہنیت پیش کی گئی جس میں انہیں 5 لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے سینئر قائدین محمد علی شبیر، محمد اظہر الدین، مہیش کمار گوڑ، سدرشن ریڈی، انیل کمار یادو اور دیگر کی موجودگی میں نکہت زرین کو تہنیت پیش کی اور باکسنگ میں ملک کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 26 جنوری یوم جمہوریہ سے قبل نکہت زرین کو گروپ I آفیسر کے عہدہ پر مامور کیا جائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس نے نکہت زرین کی کامیابی کے بعد پانچ لاکھ روپئے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔ یہ رقم ان کی خدمات کے اعتراف اور حوصلہ افزائی کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریب کو غیر سیاسی بنانے کیلئے گاندھی بھون کے بجائے نظام کلب میں اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نکہت زرین کی تہنیت کا مقصد تلنگانہ کے دیگر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ تقریب سے سیاسی مقصد براری کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ باکسنگ عام طور پر مرد حضرات کا کھیل سمجھا جاتا ہے لیکن والدین کی حوصلہ افزائی سے نکہت زرین نے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسپورٹس اکیڈیمی کے قیام کیلئے نکہت زرین کو اراضی الاٹ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نکہت زرین کی کامیابی پر انہیں گروپ I آفیسر کا عہدہ دیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے خواہش کی کہ نکہت زرین کی تہنیت کے ذریعہ ایک بڑی تقریب کا اہتمام کریں۔ لاکھوں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے نکہت زرین کی تہنیتی تقریب منعقد کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے نظام کلب میں تقریب کے اہتمام پر قائدین کو مبارکباد پیش کی۔ر