بجلی کے بل کے جعلی ایس ایم ایس سے دھوکہ

   

چنڈی گڑھ : ہریانہ میں سائبر فراڈ کا ایک نیا طریقہ سامنے آیا ہے جس میں بقایا بلوں کے فرضی ایس ایم ایس بھیج کر صارفین کو دھوکہ دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ہریانہ پولیس نے اتوار کو ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اس دھوکہ دہی کے طریق کار کے بارے میں بتایا۔ سائبر فراڈ کرنے والے ٹارگٹڈ فون نمبرز پر ٹیکسٹ میسج بھیجتے ہیں کہ آپ کی بجلی کاٹ دی جائے گی کیونکہ آپ کے پچھلے مہینے کا بل اپڈیٹ نہیں ہوا اور دیے گئے نمبر پر رابطہ کرنے کو کہتے ہیں۔ ایک بار جب صارف دیے گئے نمبر پر رابطہ کرتا ہے تو وہ پھنس جاتا ہے ۔ ماضی کی ادائیگیوں کی تصدیق کے مقصد سے اسے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات شیئر کرنے اورانی ڈیسک، ٹیم ویوور جیسی ریموٹ ایکسیس ایپلی کیشنز کو انسٹال کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ جیسے ہی صارف دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے معلومات شیئر کرتا ہے ، متاثرہ کا بینک اکاؤنٹ دھوکہ باز کے کنٹرول میں آجاتا ہے ۔پولیس نے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ بجلی کے بقایا بلوں کے سلسلے میں کنکشن منقطع کرنے کے بارے میں ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجے جانے والے جعلی پیغامات کے بارے میں کوئی معلومات شیئر نہ کریں۔