بجٹ سیشن میں این پی آر مسئلہ شدت سے اُٹھائیں:سونیا

,

   

نئی دہلی 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے پارٹی قائدین سے کہا ہے کہ 31 جنوری کو شروع ہونے والے بجٹ سیشن میں سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی کے مسئلہ کو شدت سے اُٹھاتے ہوئے حکومت کو یکا و تنہا کریں۔ سونیا گاندھی نے بجٹ سیشن کے لئے پارٹی کی حکمت عملی پر غور و خوض کے لئے اپنی قیامگاہ پر منعقدہ میٹنگ کے دوران سرکردہ کانگریس قائدین کو متنازعہ قوانین کے تعلق سے ہدایات دیئے۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور پارٹی قائدین راہول گاندھی ، غلام نبی آزاد ، احمد پٹیل، آنند شرما ، جئے رام رمیش ، کے سی وینو گوپال ، ادھیر رنجن چودھری اور کے سریش میٹنگ میں شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو واقف کراتے ہوئے لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر چودھری نے کہاکہ پارٹی شہریت ترمیمی قانون اور معاشی انحطاط کے علاوہ عام آدمی سے متعلق دیگر مسائل پر جدوجہد کرے گی۔ ہم دستور کے لئے لڑیں گے اور سی اے اے کیخلاف بھی لڑیں گے۔کانگریس کا ارادہ ہے کہ سی اے اے ، این آر سی اور این پی آر کے مسئلہ پر جارحانہ رُخ اپنایا جائے اور اِن مسئلوں پر جاری ملک گیر احتجاجوں کے درمیان حکومت کو دفاع پر مجبور کیا جائے۔ کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں پارلیمنٹ سیشن سے قبل عنقریب مشترکہ حکمت عملی ترتیب دیں گے۔