بختاور بھٹو زرداری کی شادی

,

   

کراچی: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صاحب زادی بختاور بھٹو زرداری، محمود چودھری کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔نکاح کی تقریب بلاول ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی۔ نکاح ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والی روحانی اور دینی شخصیت الحاج غلام محمد سوہو نے پڑھایا۔نکاح کی تقریب میں آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، صنم بھٹو، فریال تالپور، چودھری یونس سمیت دونوں خاندانوں کی قریبی شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں ڈاکٹر عاصم حسین، شیری رحمان، سینیٹر عینی مری، فاروق ایچ نائیک بھی شریک ہوئے۔ بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری نے بیٹی کو رخصت کیا۔دلہا محمود چودھری اور دلہن بختاور بھٹو نے سفید رنگ کے لباس زیب تن کیے۔ مہمانوں کی تواضع بریانی، چکن تکہ، ملائی بوٹی، دھاگہ کباب، کٹاکٹ اور دیگر کھانوں سے کی گئی۔نکاح بلاول ہاؤس کے اندرونی حصے میں ہوا جس میں صرف اہل خانہ اور قریبی افراد شریک ہوئے۔ بختاور بھٹو زرداری اور محمود چودھری نے اہل خانہ کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں، تقریب نکاح میں 150 سے زائد مہمان شریک ہوئے۔