بدعنوانی معاملہ میں زرداری اور بلاول بھٹو کے بیانات ریکارڈ

   

اسلام آباد۔20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سباق صدر آصف علی زرداری اور ان کے فرزند بلاول بھٹو زرداری چہارشنبہ کو انسداد رشوت ستانی مجلس کے روبرو حاضر ہوئے اور بدعنوانی کے معاملہ میں اپنے بیانات ریکارڈ کروائے۔ انگریزی اخبار ڈان کی اطلاع کے مطابق دونوں باپ بیٹے قومی احتسابی بیوروکے دفتر میں حاضر ہوئے۔ زرداری اور بلاول پارک لین رئیل اسٹیٹ کمپنی کے مالکان ہیں جس کے لیے انہوں نے مبینہ طور پر ایک خطیر رقمی قرض حاصل کیا تھا۔ قومی احتسابی بیورو کا ادعا ہے کہ بعض سرکاری ملازمین کی مدد سے پنجاب کے محکمہ جنگلات کی اراضی غیر قانونی طور پر ریئل اسٹیٹ کے نام منتقل کردی گئی تھی۔