بدعنوانی کا الزام، ترکیہ میں اپوزیشن کے 45 ارکان گرفتار

   

استنبول۔ 5 جولائی (یو این آئی) ترکیہ کے مغربی بندرگاہی شہر ازمیر میں اپوزیشن پارٹی کے 45 ارکان کو بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ این ٹی وی کے نشریاتی ادارے نے یہ اطلاع دی۔ اس دوران ری پبلکن پیپلز پارٹی نے کل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ گرفتار کئے گئے لوگوں میں ازمیر کے سابق میئر ٹنک سوئر اور پارٹی کے ازمیر کے صوبائی صدر سینول اسلانگلو شامل ہیں۔ منگل کو ازمیر کے چیف پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر کی جانب سے اس سلسلے میں حراستی وارنٹ جاری کیے جانے کے بعد ہی یہ گرفتاریاں عمل میں آئیں۔ گرفتار ہونے والوں میں، سی ایچ پی اور سی ایچ پی کی زیر قیادت ازمیر میونسپلٹی سے وابستہ 157 افراد پر ‘عوامی ٹینڈرز میں ہیرا پھیری، معاہدہ پر عمل درآمد میں ڈیوٹی کی خلاف ورزی اور سنگین دھوکہ دہی ’ کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ مارچ میں استنبول کے میئر اکریم امام اوغلو اور تقریباً 100 میونسپل اہلکاروں کو بدعنوانی کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ تاہم، امام اوغلو نے ان تمام الزامات کی تردید کی ہے ۔لیکن بعد میں انہیں عہدے سے معطل کر دیا گیا۔