بدنام زمانہ اغوا کاروں کی ٹولی بے نقاب، دس افراد گرفتار

   

نقد رقم، زیورات، گاڑیاں اور موبائیل فونس ضبط، چکڑ پلی پولیس کی کارروائی

حیدرآباد ۔ 17 اکٹوبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس سکندرآباد زون اور چکڑپلی پولیس نے بدنام زمانہ اغوا کاروں کی ٹولی کو بے نقاب کردیا اور 10 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 1.07 کروڑ نقد رقم اور طلائی زیورات کے علاوہ 5 گاڑیوں اور 9 موبائیل فونس کو ضبط کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس سکندرآباد زون رکھشیتا کرشنا مورتی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 37 سالہ دماوت سریکانت، 31 سالہ جی سریش، 19 سالہ جی سراون کمار، 22 سالہ بی یمن، 26 سالہ بی دھن سنگھ، 27 سالہ سردار کلدیپ سنگھ 29 سالہ، بی بھیم سنگھ، 28 سالہ ہیراسنگھ، 31 سالہ سردار گوبن سنگھ، 26 سالہ آر پرساد کو گرفتار کرلیا جبکہ سریوناس ریڈی اور ویکاس مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق سریکانت اور سرینواس کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا۔ پولیس کے مطابق رامنتاپور علاقہ کے ساکن زیورات کے تاجر سرینواس راؤ کا5 اکٹوبر کو اغواء کیا گیا تھا۔ افراد خاندان کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس کے مطابق بوڈاپل میں ایک وینچر کے معاملہ میں دونوں میں تنازعہ چل رہا تھا اور اگست میں سریکانت نے سریش اور سرینواس ریڈی کے ہمراہ اغواء کا منصوبہ بنایا۔ منصوبہ کے مطابق زیورات کے تاجر کا اغواء کیا گیا اور 15 کروڑ روپئے کا مطالبہ کیا گیا اور افراد خاندان سے 1.30 کروڑ روپئے حاصل کرنے کے بعد مغویہ شخص کو چھوڑ دیا گیا۔ پولیس کی گرفتاری سے بچنے کیلئے یہ افراد نمبر پلیٹ بدل کر گھوم رہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ سرینواس ریڈی اور وکاس مفرور ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ اغواء کاروں کی ٹولی کا مجرمانہ ریکارڈ پایا جاتا ہے۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع