سانتوس، 29 جولائی (آئی اے این ایس) برازیل کے سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر نیمار نے باضابطہ طور پر بین الاقوامی فٹبال سے سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے، جس کے ساتھ ہی ٹیم کے لیے ان کا 16 سال سے زائد عرصے پر محیط شاندارکیریئر ختم ہوگیا۔34 سالہ نیمار نے یہ اعلان سانتوس کی جانب سے وینزویلا کے یونیورسٹیڈ سینٹرل کے خلاف کوپا سودامریکانا میں 4-2 سے کامیابی کے بعد کیا۔ 2026 فیفا ورلڈکپ میں برازیل کے سفر کے اختتام کے بعد سے ان کے بین الاقوامی مستقبل کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری تھیں۔برازیل کی ورلڈ کپ مہم راؤنڈ آف 16 میں ناروے کے خلاف شکست کے ساتھ ختم ہوئی اور نیمار نے اس میچ میں پانچ مرتبہ کی عالمی چمپئن ٹیم کے لیے اپنا آخری میچ کھیلا۔ تجربہ کار فارورڈ نے کہا کہ وہ ٹیم سے کسی پچھتاوے کے بغیر رخصت ہو رہے ہیں اور ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے ہمیشہ اپنی پوری کوشش کی۔ نیمار نے میچ کے بعد کہا قومی ٹیم کے ساتھ میرا وقت ختم ہوگیا ہے۔ میں نے تاریخ رقم کی، میں بہت خوش رہا، میں نے اپنا خون اور اپنی زندگی دی، میں نے ہمیشہ زرد جرسی کے لیے جدوجہد کی، لیکن اب میں مزید ایسا نہیں کرنا چاہتا۔ یہ اعلان برازیلین فٹبال کی تاریخ کے کامیاب ترین بین الاقوامی کیریئرز میں سے ایک کے اختتام کی علامت ہے۔ نیمار برازیل کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں اور انہوں نے کئی فیفا ورلڈ کپ، کوپا امریکہ اور اولمپک مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کی۔