شیوسینا ایم پی سنجے راوت کے کارٹون میں بی جے پی پر نشانہ
ممبئی 25 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام )مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کے نتائج کے ایک دن بعد شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے ایک کارٹون پیش کیا ہے جس میں انہوں نے اپنی سینئر حلیف بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے ۔ کارٹون سنجے راوت کے ٹوئیٹر پر پیش کیا گیا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شیر ( سینا کا انتخاب نشان ) گلے میں گھڑی کی لاکٹ ( این سی پی کا انتخابی نشان ) پہنے ہوئے ایک کمل کے پھول ( بی جے پی کے انتخابی نشان ) کو سونگھ رہا ہے ۔ اس پوسٹ کو کیپشن دیا گیا ہے کہ ’’ برا نہ مانو دیوالی ہے ‘‘ ۔ یہ واضح کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ یہ مزاحیہ پوسٹ ہے ۔ واضح رہے کہ کل ہی سابق چیف منسٹر پرتھوی راج چاوان نے ایک خیال پیش کیا تھا کہ آیا مہاراشٹرا میں بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے شیوسینا ‘ این سی پی اور کانگریس اتحاد کرسکتے ہے ؟۔ چاوان نے کہا تھا کہ یہ دلچسپ امکان ہوسکتا ہے کہ یہ تینوں جماعتیں ایک ہوجائیں۔ 288 رکنی اسمبلی میں بی جے پی کو 105 حلقوں سے کامیابی حاصل ہوئی تھی جبکہ این سی پی کو 54 اور شیوسینا کو 56 نشستیں ملی تھیں۔