برتھ سرٹیفیکٹس کی درخواستوں میں اضافہ

   

نظام دور حکومت کے برتھ سرٹیفیکٹس کے لیے درخواستیں
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : شہر میں برتھ سرٹیفیکٹس کی اجرائی کے لیے بڑی تعداد میں بلدیہ میں درخواستیں داخل کی جارہی ہیں یہ درخواستیں پیدائشی تناسب میں اضافہ کی وجہ سے نہیں بلکہ درخواست گذار اس شہر میں پیدا ہونے کے ثبوت کے لیے داخل کی جارہی ہیں اور درخواست گذاروں میں نومولود بچوں سے لے کر عمر کے آخری حصہ کے لوگ بھی شامل ہیں اور خاص کر پرانے شہر میں ماضی کے مقابلہ اب بڑی تعداد میں برتھ سرٹیفیکٹس کے لیے درخواستیں داخل کی جارہی ہیں ۔ گذشتہ ماہ دسمبر تا ماہ جنوری میں بلدیہ کی جانب سے جاری کردہ برتھ سرٹیفیکٹس کی تعداد سے پتہ چلتا ہے کہ درخواستیں بڑی تعداد میں داخل کی جارہی ہیں ۔ مثلاً یکم جنوری 2020 کو 88 افراد برتھ سرٹیفیکٹس جاری کئے گئے ہیں جن میں 38 برتھ سرٹیفیکٹس ایک ہی طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کی ہیں اور اسی دن 101 خواتین کو جاری کردہ سرٹیفیکٹس میں 32 سرٹیفیکٹس ایک طبقہ کی خواتین کی ہیں ۔ جب کہ سال گذشتہ یکم جنوری کو مذکورہ تعداد نصف سے بھی کم برتھ سرٹیفیکٹس جاری ہوئے ہیں اور عہدیداران کا کہنا ہے کہ روزانہ کے تناسب سے 100 فیصد زیادہ درخواستیں موصول ہورہی ہیں اور سی اے اے کی وجہ سے ہی درخواستیں بڑی تعداد میں داخل کی جارہی ہیں ۔۔